اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن دستے پر پیر کے روز ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری، شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سلامتی کونسل کی جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن دستے پر حملے کی شدید مذمت

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔28اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن دستے پر پیر کے روز ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری، شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک بیان میں جنوبی سوڈان کی ریاست جونگلی میں اقوام متحدہ کے مشن (یواین ایم آئی ایس ایس ) کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے کو بزدلانہ اور دانستہ کارروائی قرار دیا۔ حملے میں دو امن اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔کونسل نے خبردار کیا کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر حملے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔ ارکان نے حملے کے ذمہ داروں کی فوری شناخت کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات میں کسی کو سزا سے استثنیٰ قابل قبول نہیں۔سلامتی کونسل نے جونگلی میں جاری بین النسلی اور مسلح تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں شہریوں، امدادی کارکنوں اور امن اہلکاروں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔کونسل نے جنوبی سوڈان کے سیاسی اور کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کا تحفظ یقینی بنائیں۔







