کراچی۔7اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مختلف صحافتی اداروں سے وابستہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کے واجبات اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے حکومت ایک ایسا میکینزم بنارہی ہے جس کا تعلق اشتہارات کے بلوں کی ادائیگی سے ہوگا، حکومت نے میڈیا ہائوسز کو ایک ارب روپے سے زائد کی ادائیگی کی ہے اور بھرپور کوشش کی ہے کہ اس …
حکومت مختلف صحافتی اداروں سے وابستہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی کے لئے میکینزم بنارہی ہے ، اپوزیشن الائنس کرپشن کی دولت بچانے کا گٹھ جوڑ ہے،وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کی کراچی پریس کلب میں گفتگو

مزید خبریں
کراچی۔7اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مختلف صحافتی اداروں سے وابستہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کے واجبات اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے حکومت ایک ایسا میکینزم بنارہی ہے جس کا تعلق اشتہارات کے بلوں کی ادائیگی سے ہوگا، حکومت نے میڈیا ہائوسز کو ایک ارب روپے سے زائد کی ادائیگی کی ہے اور بھرپور کوشش کی ہے کہ اس رقم سے صحافتی اداروں سے وابستہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکریٹری ارمان صابر، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے مختلف دھڑوں کے عہدیداران اور دیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کراچی پریس کلب کو 25 لاکھ روپے کا چیک پیش کرتے ہوئے میڈیا ورکرز پر زور دیا کہ اپنے اندر سے کالی بھیڑوں کو نکال دیں کیونکہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کوئی تحریک نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کی کرپشن سے حاصل کی ہوئی دولت کو بچانے کے لئے ایک گٹھ جوڑ اور الائنس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک کر این آر او حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے اور حکومت این آر او کبھی نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قوم کی لوٹی ہوئی رقم واپس وصول کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ان لوگوں نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے، حکومت کسی بھی قسم کے دبائو میں نہیں آئے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جو چیزیں گذشتہ کئی دھائیوں سے خراب ہیں انہیں دو سال میں ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔








