حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا عالمی یوم مزدور پر پیغام
حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا عالمی یوم مزدور پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، محفوظ اور صحت مند کام کے ماحول کی فراہمی اور تمام شعبوں میں منصفانہ اجرتوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
جمعہ کو عالمی یومِ مزدور 2026 کے موقع پر جاری پیغام میں پر وفاقی وزیر نے پاکستان کے محنت کش طبقے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ورک فورس کی محنت، مہارت اور ثابت قدمی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت لیبر پروٹیکشن کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور قومی پالیسیوں کو بین الاقوامی معیارات، بالخصوص انٹرنیشنل لیبر ارگنائزیشن کے اصولوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وقار، مساوات اور باہمی احترام کے اصولوں کے تحت کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک منصفانہ، باوقار اور جامع ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ محنت کشوں کے وقار کو یقینی بنایا جا سکے اور ہر کارکن کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے۔








