حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی سمیت عوام کی بہتری کیلئے فیصلے کریں گے، وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمرکی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، وزارت فوڈ سیکورٹی کے ساتھ مل کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی سمیت عوام کی بہتری کیلئے فیصلے کریں گے، معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری ملکی معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے، 2020ء معاشی استحکام کا سال ہے …

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، وزارت فوڈ سیکورٹی کے ساتھ مل کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی سمیت عوام کی بہتری کیلئے فیصلے کریں گے، معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری ملکی معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے، 2020ء معاشی استحکام کا سال ہے ، آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت بیان دیا ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کر رہی ہے جس سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے شہر کی معیشت کیلئے زبردست منصوبہ ہے اور شہر کو اس کی ضرورت بھی ہے، وفاقی حکومت منصوبے کیلئے سندھ حکومت کو پوری طرح سے سپورٹ کرنے کیلئے تیار ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ سی پیک میں شامل ہے، سی پیک کے نئے انفراسٹرکچر کے پروگرامز کے فنڈس کیلئے نئے مالیاتی معاہدے ہونے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اپریل میں اس بارے ٹھوس پیشرفت نظر آئے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے اور آئی ایم ایف نے بھی اس بات کی تعریف کی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کے بارے مثبت بیان دیا ہے، توقع ہے کہ مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کھاد سے جی آئی ڈی ختم کرنے کے فیصلے سے کسانوں کو فائدہ ہو گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے کہا کہ برآمدات میں اضافے بغیر پاکستان کی معیشت پائیدار بنیادوں پر ترقی نہیں کر سکتی، ضروری ہے کہ برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ پر ابھی کوئی بات نہیں ہورہی ۔