حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا آئینی ذمہ داری ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی وریفارمز اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت کو تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی تھی، وزیر اعظم عمران خان کی موئثر اور جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گا مزن ہے، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا …

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی وریفارمز اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت کو تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی تھی، وزیر اعظم عمران خان کی موئثر اور جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گا مزن ہے، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ منگل کو پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہم نے پہلے بتادیا تھا کہ مشکلات سے نکلنے میں دو سال لگیں گے، معیشت کی بہتری کیلئے حکومت نے مشکل اور سخت فیصلے کئے تاہم جلد ہی عوام کو ان کے ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو سہولیات دینے کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں جن میں کامیاب جوان پروگرام، سٹارٹ اپ پاکستان، ہنرمند پاکستان اور صحت مند پاکستان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے کراچی کو نظرانداز کیا، موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال کے قلیل وقت میں ترجیح بنیادوں پر کراچی میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور عوامی مفادات میں قانون سازی کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ایسے معاملات میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ اسد عمر نے کہا کہ بیرون ممالک میں بھی پارلیمنٹ کے اندر ایک دوسرے پر تنقید کی جاتی ہے، یہ جمہوریت کا حسن ہے اور اس سے حکومت کو اپنی اصلاح کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین اور رہنماﺅں نے بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا اور یہی لوگ حالیہ مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، بدعنوان عناصر کا احتساب ضروری ہے اور حکومت اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، نیب قانون میں ترامیم کے حوالے سے اپوزیشن سے بات چیت جاری ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ چین آف سپلائی میں کمی کی وجہ سے گندم کا بحران پیدا ہوا جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سندھ حکومت نے گندم خریدنے کا ٹارگٹ مکمل نہیں کیا اور اب پنجاب سے سندھ کو گندم کی ترسیل کی جا رہی ہے، ذمہ داران اور سسٹم میں کمزوری کا تعین کیا جانا چاہیے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر نے گندم کی قلت کا غلط فائدہ اٹھایا جس کی وجہ سے اس کی قیمتیں بڑھیں، قیمتوں میں کمی لانے کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ گیس کی قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت اور زراعت ہیں، سی پیک سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون بڑا منصوبہ ہے، یہ پاکستان کی معیشت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ منصوبہ پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔