راولپنڈی۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ویژن کے تحت حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف میں مزید اضافہ کیا ہے،حکومت تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، پاکستان بیت المال اسکالرشپ جیسے پروگراموں کے ذریعے، باصلاحیت مگر …
حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف میں مزید اضافہ کیا ہے، وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ویژن کے تحت حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف میں مزید اضافہ کیا ہے،حکومت تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، پاکستان بیت المال اسکالرشپ جیسے پروگراموں کے ذریعے، باصلاحیت مگر مالی طور پر کمزور نوجوانوں کے لیے رکاوٹیں دور کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے زیرِ اہتمام پاکستان بیت المال کے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان، ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ اور طلبہ کے نمائندگان نے پُرجوش انداز میں وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ اس سیشن کا مقصد حکومت اور تعلیمی اداروں کے مابین اشتراک کو مضبوط بنانا اور نوجوانوں کے لیے وظائف اور سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، کوئی طالب علم مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ حکومت وظائف کے مواقع بڑھانے اور معاونت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر بارانی یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ایک خصوصی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے اسکالرشپ کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی۔ پاکستان بیت المال کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ بارانی یونیورسٹی سے موصول ہونے والی ہر درخواست پر غور کیا جائے تاکہ کوئی بھی مستحق طالب علم پیچھے نہ رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کے سالانہ وظیفے کی رقم ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے جو حکومت کی تعلیم تک بہتر رسائی اور معیار کو فروغ دینے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی پر توجہ دیں اور سوشل میڈیا کے گمراہ کن مواد سے بچیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کا استعمال علم کے لیے کیجیے، شور کے لیے نہیں۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے مالی مشکلات کے شکار طلبہ کی مالی معاونت کے لیے پاکستان بیت المال کے تعاون اور اہم کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ اکثر طلبہ متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کے باعث انھیں مالی حوالے سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پاکستان بیت المال کی جانب سے وظائف کا اجرا اُن طلبہ کے لیے امید کی ایک کرن ہے جو اپنی محنت اور لگن سے ملک و قوم کا سرمایہ بن سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور سماجی ترقیاتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی جدت، پائیداری، اور دیہی خوشحالی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر اور وائس چانسلر نے مستحق طلبہ میں اسکالرشپ چیک تقسیم کیے۔








