حکومت نے پائیدار ترقی اور معاشی بحالی کیلئے پالیسی اقدامات کئے ہیں، خرم شہزاد

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت نے پائیدار ترقی کے لیے گنجائش پیدا کرنے کی کوششیں اور معاشی بحالی کے لیے پالیسی اقدامات کئے ہیں، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی لا کر ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ اتوار کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے …

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت نے پائیدار ترقی کے لیے گنجائش پیدا کرنے کی کوششیں اور معاشی بحالی کے لیے پالیسی اقدامات کئے ہیں، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی لا کر ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ اتوار کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے پائیدار ترقی کے لیے گنجائش پیدا کرنے کی کوششیں اور معاشی بحالی کے لیے پالیسی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر صنعتوں اور کاروبار کےلئے چار بڑے اخراجات ہوتے ہیں ان میں سے دو کو بڑی حد تک معمول پر لایا جا چکا ہے اور مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ تیسرے اور چوتھے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی اخراجات میں کمی لائی گئی ہے، اضافی استعمال پربجلی کی قیمت فی یونٹ 38 روپے سے کم کر کے 23 روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے ، تین سال تک صنعت اور زراعت کو یقینی رعایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرحِ سود نصف کر دی گئی ہے جس سے مالی وسائل تک بہتر اور سستی رسائی ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ڈھانچے میں اصلاحات کی گئی ہیں، سمت میں تبدیلی لائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے اور کارپوریٹ شعبے کو کچھ رعایت دی گئی ہے جبکہ غیر دستاویزی معیشت کو نظام میں لانے ، عمل درآمد اور نگرانی بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری سہولت فراہم کی جارہی ہے، منظوری کے عمل کو تیز اور آسان بنایا جا رہا ہے جو کام پہلے برسوں میں ہوتے تھے، اب ہفتوں اور دنوں میں مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی لا کر ترقی، سرمایہ کاری، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔