اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے غیرمعمولی ہنگامی اقدامات میں توسیع کر دی ہے، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے تعاون سے ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کے نظام کو آگے بڑھا رہی ہے، ایران اور عراق سے آنے والے مسافروں کی احتیاط کے …
حکومت نے کورونا وائرس کو روکنے کیلئے غیرمعمولی ہنگامی اقدامات میں توسیع کر دی ہے، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے تعاون سے ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کے نظام کو آگے بڑھا رہی ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا
اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے غیرمعمولی ہنگامی اقدامات میں توسیع کر دی ہے، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے تعاون سے ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کے نظام کو آگے بڑھا رہی ہے، ایران اور عراق سے آنے والے مسافروں کی احتیاط کے ساتھ سکریننگ کی جاتی ہے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر نقل و حرکت کو محدود کرنے کیلئے پروازوں میں بھی کمی کی گئی ہے، لوگ عوامی اجتماعات میں جانے اور وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے لوگوں سے ملاقات سے گریز کریں تاہم تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ گزشتہ روز مزید 7 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جنہیں آئسولیشن وارڈز منتقل کر دیا گیا ہے، تمام متاثرہ افراد حالیہ دنوں میں ایران، عراق، شام اور لندن سے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور دوسرے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو وائرس سے متعلق بتایا جائے، پاکستان میں اب تک وائرس سے متاثرہ تمام افراد حالیہ دنوں میں دوسرے ممالک سے آئے ہوئے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک بھر میں صحت کے حکام لوگوں کی بہترین رہنمائی کر رہے ہیں، کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے واپس آنے والے لوگوں کے ساتھ ملاقات سے گریز کریں، کثرت سے ہاتھ دھوئیں اور ماسک پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مسافر میں وائرس کا شبہ ہو تو اسے سکریننگ اور مزید تحقیقات کیلئے میڈیکل ٹیم کے حوالے کیا جاتا ہے، مسافروں کی بندرگاہوں میں داخلے میں تاخیر اور انہیں پریشانی سے بچانے کیلئے سکریننگ کے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور تمام داخلی راستوں پر مسافروں میں کورونا وائرس کی علامات کی جانچ کیلئے سکریننگ آلے نصب کئے گئے ہیں، ٹرانزٹ سمیت تمام مسافروں کی سکریننگ کی جاتی ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ایران اور عراق سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کے اقدامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ممالک سفر سے گریز کریں تاکہ وائرس کے پھیلاﺅ کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت نے وائرس کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات کئے اور انہی احتیاطی تدابیر کی وجہ سے یہ ہمارے ملک میں وبائی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اب تک 360 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔









