حکومت کا مالی سال 27-2026کے دوران 15 ہزار دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا ہدف

پاکستان کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)نے مالی سال 27-2026 کے دوران بجلی کی فراہمی کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے 15 ہزار 327 دیہات کو بجلی سے منسلک کرنے اور 16 لاکھ 89 ہزار 849 نئے صارفین کو بجلی کے کنکشن فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)نے مالی سال 27-2026 کے دوران بجلی کی فراہمی کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے 15 ہزار 327 دیہات کو بجلی سے منسلک کرنے اور 16 لاکھ 89 ہزار 849 نئے صارفین کو بجلی کے کنکشن فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت دیہی علاقوں تک بجلی کی رسائی اور صارفین کی تعداد میں اضافہ تقسیمی شعبے کی اہم ترجیحات ہوں گی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب پاور ڈویژن کی ایک دستاویز کے مطابق یہ سرمایہ کاری پائیدار ترقی کے ہدف ((ایس جی ڈی )7.1.1 کے حصول میں معاون ثابت ہوگی جس کا تعلق بجلی تک رسائی رکھنے والی آبادی کے تناسب سے ہے، ان اقدامات سے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔دستاویز کے مطابق دیہات کو بجلی فراہم کرنے کی مہم میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کو سب سے بڑا ہدف دیا گیا ہے جس کے تحت مالی سال کے دوران 8 ہزار 876 دیہات کو بجلی سے منسلک کیا جائے گا۔

ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کو 2 ہزار 798 دیہات، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کو ایک ہزار 104 دیہات اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کو ایک ہزار 50 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔اسی طرح فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) 825، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) 300، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) 280، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) 50، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیزکو) 40 اور ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) چار دیہات کو بجلی فراہم کرے گی تاہم،دستاویز میں سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے لیے کسی دیہات کی برق کاری کا ہدف درج نہیں کیا گیا۔نئے صارفین کے حوالے سے لیسکو کو سب سے بڑا ہدف دیا گیا ہے جہاں مالی سال 2026-27 کے دوران 4 لاکھ 53 ہزار نئے صارفین شامل کیے جائیں گے، گیپکو میں 3 لاکھ 51 ہزار 638، فیسکو میں 2 لاکھ 96 ہزار اور میپکو میں اڑھائی لاکھ نئے صارفین کو بجلی کے کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔

اسی طرح آئیسکو میں ایک لاکھ 95 ہزار، پیسکو میں 77 ہزار 489، کیسکو میں 22 ہزار 617، ہیزکو میں 21 ہزار 500، حیسکو میں 13 ہزار 766، سیپکو میں 7 ہزار 253 اور ٹیسکو میں ایک ہزار 586 نئے صارفین شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق تقسیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 132 کے وی کی 799.5 کلومیٹر نئی ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی جائیں گی اور 132 کے وی نظام میں 2 ہزار 87 ایم وی اے اضافی استعداد شامل کی جائے گی۔منصوبے کے تحت 11 کے وی نظام میں ایک ہزار 321.15 ایم وی اے اضافی استعداد پیدا کی جائے گی، جبکہ 11 کے وی کی 4 ہزار 134 کلومیٹر اور 400 وولٹ کی ایک ہزار 742 کلومیٹر نئی بجلی کی لائنیں بھی بچھائی جائیں گی۔دستاویز کے مطابق مجوزہ توسیعی منصوبہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت ایک جانب بڑے شہروں میں صارفین کی تعداد بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب ایسے دیہی علاقوں تک بھی بجلی کی رسائی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے جہاں اب تک بجلی کی سہولت محدود یا دستیاب نہیں۔