حکومت کا ملک میں ہنگامی بنیادوں پرزرعی اصلاحات کےنفاذ کا فیصلہ،کسانوں کو غیرمعیاری بیج اورپیسٹی سائیڈ بیچنے والی کمپنیوں کاسد باب کیاجائےگا،وزیراعظم شہبازشریف

حکومت کا ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ ، کسانوں کو غیر معیاری بیج اور پیسٹی سائیڈ بیچنے والی کمپنیوں کا سد باب کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):حکومت نےملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے گی،کسانوں کو غیر معیاری بیج اور پیسٹی سائیڈ بیچنے والی کمپنیوں کا سد باب کیا جائے گا،کسانوں کو زراعت کے بین الاقوامی سطح پر رائج جدید طریقہ کار سے روشناس کروانے کیلئے جامع آگاہی مہم چلائی جائے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں زرعی شعبے کی اصلاحات پر اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، معاونینِ خصوصی احد چیمہ، محمد جہانزیب خان جبکہ تمام صوبوں کے سیکرٹریز زراعت نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں زرعی اصلاحات کیلئے مختلف شعبوں کی آٹھ سب کمیٹیوں کی وزیرِ اعظم کو سفارشات پیش کی گئی ، ان سفارشات میں قلیل، وسط اور طویل المدتی جامع منصوبہ بندی شامل۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ حکومت کسانوں کو کم لاگت پر بروقت معیاری بیج، کھاد کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ کسانوں کو غیر معیاری بیج اور پیسٹی سائیڈ بیچنے والی کمپنیوں کا سد باب کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقامی سطح پر معیاری بیج کی پیداوار کیلئے زرعی تحقیقی اداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔حکومت کسانون کو جدید مشینری اور قرضوں میں سہولت کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

حکومت گندم و زرعی اجناس کو ذخیرہ کرنے کیلئے سائیلوز کی تعمیر پر کام کرے گی۔گندم کی فصل کی بوائی سے پہلے پیداوار میں فی ایکڑ یقینی اضافے کے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ زرعی مداخل پر حکومت کی طرف سے سبسڈی کسانوں تک پہنچے۔ زرعی منصوبہ بندی کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔کسانوں کو زراعت کے بین الاقوامی سطح پر رائج جدید طریقہ کار سے روشناس کروانے کیلئے جامع آگاہی مہم چلائی جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو گندم، کپاس، خوردنی تیل، کھاد، زرعی تحقیق، زراعت میں پانی کے استعمال، موسمیاتی تبدیلی اور زرعی مشینری کے حوالے سے قائم سب کمیٹیوں نے تفصیلی بریفنگ دی اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں آئندہ گندم، کپاس اور خودنی تیل کی پیداوار کیلئے اقدامات، کسانوں کو کم لاگت پر جدید مشینری، یوریا اور ڈی اے پی پر سبسڈی، متوقع پیداوار اور در آمد، معیاری بیج، پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کو بروقت قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ وزارتوں کو ان سفارشات میں سے آئندہ فصل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحاتی پلان مرتب کریں۔وزیرِ اعظم نے 2 دن کے اندر اس پلان کو پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیرِ اعظم بہت جلد ملک میں زرعی اصلاحات کیلئے جامع منصوبے کا اعلان کریں گے جس سے نہ صرف کسانوں خوشحال، ملکی زرعی پیداوار میں اضافہ اور زرعی اجناس کی درآمد میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔