حکومت کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے پی ڈی ایم رہنمائوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے حق میں نہیں ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسدعمر نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے حق میں نہیں ہے، سیاسی رہنما بالخصوصی طور پر ن لیگ کورونا وائرس کے حوالے سے عوام میں ابہام پیدا کر رہی ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کھلی جگہوں پر جلسوں کا انعقاد کر کے عوام کو تاثر دے رہی ہے کہ عام لوگ وائرس پھیلانے سے متاثر نہیں ہوں گے، موجودہ صورتحال میں میڈیا کو اپوزیشن کو جلسے بند کرنے کے حوالے سے راضی کرنے کیلئے مہم چلانی چاہیے۔ اپوزیشن رہنماﺅں کو گرفتار کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پی ڈی ایم رہنماﺅں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے حق میں نہیں ہیں تاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے رہنماﺅں کو میڈیا کے ذریعے بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن بھی لیا جا سکتا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو خود بھی چاہیے کہ وہ موجودہ صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔