حکومت کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی اور توانائی پر مرکوز ہے،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی اور توانائی پر مرکوز ہے، عوام کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے کہ وہی ملک کو موجودہ درپیش مسائل سے نکالیں گے، حکومت کو نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے میں کوئی ہاتھ نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کی ایسی …

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی اور توانائی پر مرکوز ہے، عوام کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے کہ وہی ملک کو موجودہ درپیش مسائل سے نکالیں گے، حکومت کو نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے میں کوئی ہاتھ نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کی ایسی کوئی پالیسی ہے، نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے، اب وہ صحت مند ہیں اسلئے ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں، حکومت نے نواز شریف کی حوالگی کے سلسلے میں برطانیہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت مخالف تحریک چلانا چاہتی ہیں تو شوق سے چلائیں، احتجاج کرنا اور جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے، اپوزیشن جماعتیں روز حکومت پر تنقید کرتی ہیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں اداروں کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سابق وزیراعظم اپنے بدعنوانی کیسز کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کا سارا بیانیہ ہی یہی ہے، حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس سے ان کے بیانیے کو تقویت ملے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی بدعنوانیوں اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے ملک کے حالات یہاں تک پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہے اور وہ مہنگائی میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کی درآمد شروع ہو گئی ہے اور آنے والے مہینوں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی مقدمات بنتے رہے ہیں جن کی ایک تاریخ ہے تاہم موجودہ حکومت کا موقف واضح ہے اور ہماری کسی کے خلاف بھی ایسے مقدمات دائر کرنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی جماعت ہے اور ہم اپوزیشن کا مقابلہ سیاسی طریقے کے ساتھ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر لوگوں کو سڑکوں پر نکلنے کا کہہ رہے ہیں، انہوں نے تحریک کا نیا ماڈل دیا ہے کہ خود لندن میں سیرتفریح کریں اور عوام ان کیلئے احتجاج کریں، عوام اب دوبارہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔