حیدرآباد میں عیدالفطر سے قبل کیک کی خریداری عروج پر، بیکریوں پر رش

حیدرآباد۔ 20 مارچ (اے پی پی):عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں کیک کے حوالے سے شہرت رکھنے والے شہر حیدرآباد میں معروف بیکریوں پر شہریوں کا غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں کیک کی خریداری اپنے عروج پر پہنچ گئی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی خوشیاں منانے کے لیے بمبئی بیکری، حیدرآباد بیکرز، اے کے سنز بیکرز، انرجی بیکرز، بلیک اینڈ براؤن بیکرز اور گیریژن …

حیدرآباد۔ 20 مارچ (اے پی پی):عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں کیک کے حوالے سے شہرت رکھنے والے شہر حیدرآباد میں معروف بیکریوں پر شہریوں کا غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں کیک کی خریداری اپنے عروج پر پہنچ گئی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی خوشیاں منانے کے لیے بمبئی بیکری، حیدرآباد بیکرز، اے کے سنز بیکرز، انرجی بیکرز، بلیک اینڈ براؤن بیکرز اور گیریژن بیکرز سمیت دیگر بیکریوں کا رخ کیا، جس کے باعث دن بھر ان مقامات پر خریداروں کا ہجوم لگا رہا۔ کیک کی بڑھتی ہوئی طلب اور تیزی سے فروخت کے باعث کئی معروف بیکریوں پر کیک کا اسٹاک ختم ہوگیا۔

ہزاروں شہری اپنی پسند کے کیک خریدنے میں کامیاب رہے، تاہم بڑی تعداد میں لوگ کیک دستیاب نہ ہونے پر شہر کی دیگر چھوٹی اور بڑی بیکریوں سے خریداری کرنے پر مجبور ہوگئے۔واضح رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر گھروں میں کیک کاٹنا، اہلِ خانہ اور مہمانوں کے ساتھ مل کر کھانا ایک مقبول روایت بن چکی ہے، جس کی وجہ سے ہر سال کیک کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ دوسری جانب بیکری مالکان کا کہنا ہے کہ عید کی مناسبت سے مختلف اقسام کے دیدہ زیب اور لذیذ کیک تیار کیے گئے ہیں، جبکہ خریداروں کو متوجہ کرنے کے لیے خصوصی رعایتیں بھی دی جا رہی ہیں۔ بیکریوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور عملہ دن رات شہریوں کو معیاری اشیاء فراہم کرنے میں مصروف ہے۔