خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی سوات میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے سوات کے علاقے مٹہ میں پولیو ویکسین ٹیم پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں خدمات سر انجام دینے والے اہلکار قوم کے محافظ ہیں ،لیویز افسر یاسین شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق خاتون اول نے اس …

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے سوات کے علاقے مٹہ میں پولیو ویکسین ٹیم پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں خدمات سر انجام دینے والے اہلکار قوم کے محافظ ہیں ،لیویز افسر یاسین شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق خاتون اول نے اس المناک واقعہ میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ناقابل علاج بیماریوں سے بچانے کے عظیم مشن پر مامور کارکنوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر درحقیقت انسانیت کے دشمن ہیں۔

انہوں نے شہید لیویز افسر کی ہمت اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ آصفہ بھٹو زرداری نے اس بات کی تصدیق کی کہ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی ترجیح ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات پاکستان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، ہمارا عزم ہر بچے کے لئے صحت مند، محفوظ اور پولیو سے پاک مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔خاتون اول نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور شہید اہلکار یاسین کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔