خام مال کازیادہ سےزیادہ حصہ مقامی سطح پرپیدا کر کے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچایاجا ئے،وزیراعظم شہباز شریف

خام مال کا زیادہ سےزیادہ حصہ مقامی سطح پرپیداکرکےملک کاقیمتی زرمبادلہ بچایاجا ئے،وزیراعظم کی آل پاکستان مائنزاینڈمنرلزایسوسی ایشن کےوفدسےملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں قیمتی معدنیات کی تلاش اور حصول کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ مقامی سطح پر پیدا کر کے ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچایا جا ئے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے وزیربرائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی سربراہی میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سطح پر اعلی کوالٹی کا کوئلہ، لوہا اور دیگر قیمتی معدنیات کی تلاش اور نکاسی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔

وزیر اعظم نے اس مقصد کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی تاکہ بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ مقامی سطح پر پیدا کر کے ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکے۔وزیر اعظم نے اس سلسلے میں تھر اور لاکھڑا میں موجود کوئلے کے ساتھ ساتھ میانوالی اور چنیوٹ میں دریافت شدہ لوہے کے ذخائر سے بھرپور استفادہ کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے ملک میں مائننگ سیکٹر کی ترقی کے لیے عملی تجاویز مرتب کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، اور اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت پٹرولیم، وزارت صنعت و پیداوار، فیڈرل بورڈ آف ریوینیو اور دیگر متعلقہ حکام کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مائننگ سیکٹر سمیت تمام شعبوں کے لیے اعلی تعلیم یافتہ ماہرین کی تلاش کے لیے وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا۔ملاقات میں وزیر توانائی انجینئرخرم دستگیر، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ ،وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ، چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو عاصم احمد اور دیگراعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی