خطے کا تھانیدار بننے کی خواہش بھارت کی غلط فہمی ہے،بھارت کو کشمیر ہڑپ نہیں کرنے دینگے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور۔7 اگست(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے عالمی برادری سے رابطے جاری ہیں اور آنے والے دنوں میںان میں مزید تیزی لائی جائے گی، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان نے اپنا واضح موقف پیش کر دیا ہے، خطے کا تھانیدار بننے کی خواہش بھارت کی بہت بڑی غلط فہمی ہے ۔ اپنے …

لاہور۔7 اگست(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے عالمی برادری سے رابطے جاری ہیں اور آنے والے دنوں میںان میں مزید تیزی لائی جائے گی، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان نے اپنا واضح موقف پیش کر دیا ہے، خطے کا تھانیدار بننے کی خواہش بھارت کی بہت بڑی غلط فہمی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال جدوجہد سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے جو اس کے اقدامات سے واضح ہے۔ خطے کے پائیدار امن کے لئے کشمیر کا پائیدار حل نا گزیر ہے اس لئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خطے میںامن اور خوشحالی کے لئے بھارت کو ہمیشہ مذاکرات کی پیشکش کی ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور پوری دنیا پر واضح ہو گیا ہے کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ دھونس کے ذریعے خطے کا تھانیدار بن جائے گا تو یہ اس کی بھول ہے ۔ پاکستان ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے اور خطے میں بھارت کی اجارہ داری قائم ہونے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر پاکستان نے مضبوط موقف اپنایا ہے اور بھارت کو سمجھ جانا چاہیے کہ اسے کشمیر کو ہڑپ نہیں کرنے دیں گے ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر پر پاکستانی قوم کا اتحاد اور واضح موقف پوری دنیا کے سامنے آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مختلف ممالک کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطے کئے گئے ہیں اور آنے والے دنوں میںان رابطوں میں تیزی لائی جائے گی ۔مختلف ممالک میں تعنیات پاکستانی سفارتکاروں کی جانب سے بھی ان ممالک کے ذمہ داروں کو بھارت کے منفی رویے کے حوالے سے آگاہ کیا جارہا ہے ۔