خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ اور سردار جنت شہید کربلا امام حسینؓ کی تعلیمات اتباع شریعت کا درس دیتی ہیں، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ اور سردار جنت شہید کربلا امام حسینؓ کی تعلیمات اتباع شریعت کا درس دیتی ہیں، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور۔ 20 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق ؓاور سردار جنت شہید کربلا امام حسینؓ کی تعلیمات اتباع شریعت کا درس دیتی ہیں جن پر عمل پیرا ہونا امت مسلمہ کی کامیابی کی ضامن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں شہادت حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہادت حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔

کانفرنس سے پاکستان پیس کونسل کے چیئرمین اسامہ اجمل قاسمی، سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر محمد قبلہ ایاز ، جمعیت علمائے اسلام (س)کے مرکزی امیر مولانا عبد الحق ثانی، علامہ ہشام الہی ظہیر ، مولانا عمران بشیر ، پیر سید چراغ الدین شاہ، مولانا سید یوسف شاہ، جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے حاجی عبدالجلیل جان، پیر جنید، مولانا شاہ نواز فاروقی، مولانا فضل الرحمان مدنی، عمار یاسر اور صاحبزادہ پیر احسان الحق نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عدل فاروقی اور شہادت امام حسین دنیا بھر کے مسلمانوں کےلیے کامیاب ترین زندگی گزارنے کا درس ہے۔ حضرت عمر کا طرز حکمرانی دنیا بھر کے حکمرانوں کےلیے قابل تقلید ہے۔

اسی طرح کربلا میں حضرت امام حسیؓن کا کردار ظلم بربریت کے خلاف حق و صداقت اور شریعت کی خاطر تن من دھن قربان کرنے کے درس کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا، عالمی امن کےلیے مدد خداوندی سے حاصل ہونے والے اعزاز پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں جس پر ہم وزیراعظم پاکستان، فیلڈ مارشل اور ان کی ساری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ہندوستان ہمارے ملک کے درپے ہیں، فتنہ الخوارج کے پیچھے اسلام دشمن قوتیں ہیں، ہمیں ان کے عزائم خاک میں ملانے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان نے پلوامہ واقعہ پر انڈیا کو ہرممکن تعاون کی افر کی مگر اس نے جارحیت کی، ہماری افواج نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس کو ناکوں چنے چبوائے اور ہندوستان ہی نہیں دنیا جنگ بندی کےلیے اٹھ کھڑی ہوئی، اسی طرح سفارتی محاذ پر صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین نے اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمارے فیلڈ مارشل کے کردار کو دنیا کی سپر پاور نے تسلیم کیا، ایران ۔امریکہ جنگ میں پاکستان نے سعودی عرب سمیت پوری دنیا کو جنگ سے محفوظ کیا۔ انہوں نے کانفرنس میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے علماء کا شکریہ ادا کیا اور اس ضمن میں اسامہ اجمل قاسمی کے کردار کو سراہا۔ کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے علماو مشائخ نے گورنر خیبر پختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد میں انکا کردار لائق ستائش ہے، گورنر ہاؤس کو امن کا گہوارہ، امن، بھائی چارے کے فروغ کا مرکز بنا دیا گیا۔

انہوں نے ایران ۔امریکہ معاہدہ پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی اور خطہ کی ترقی کےلیے علماء مشائخ کے کردار کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام قربانی و ایثار کا مہینہ ہے، حضور نبی کریم خاتم الانبیاء ﷺ، ان کے اہلبیت اور ان کے احباب کی نسبت اور ان سب کا احترام ہی دنیوی، اخروی کامیابی اور پُرامن حالات کی ضامن ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر خانقاہ حبیبیہ نقشبندیہ چکوال کے سجادہ نشین پیر عبد القدوس نقشبندی نے دعا کرائی۔

مزید خبریں