خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، محمد ہمایوں خان

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کے مساوی مقام کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے …

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کے مساوی مقام کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جدوجہد سے بھرپور ہے۔ خصوصاً شہید جمہوریت نے خواتین کو بااختیار بنانے، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی خدمات سرانجام دیں۔ شہید بے نظیر بھٹو نہ صرف اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنیں بلکہ انہوں نے خواتین کو سیاسی، معاشی اور سماجی میدانوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور مواقع فراہم کیے۔محمد ہمایوں خان نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا وژن خواتین کو مضبوط اور خود مختار دیکھنا تھا۔ ان کی قیادت میں خواتین کو ملازمت، تعلیم اور سیاست میں نمایاں مواقع فراہم کیے گئے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کروائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی پروگرام کا آغاز کیا، جس نے ملک بھر کی لاکھوں مستحق خواتین کو مالی سہارا فراہم کیا۔ یہ پروگرام نہ صرف غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہوا بلکہ اس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا گیا۔محمد ہمایوں خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی شہید بے نظیر بھٹو کے مشن پر کاربند ہے اور خواتین کو تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیاز، تشدد اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے موثر قانون سازی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کا مقصد خواتین کی جدوجہد، قربانیوں اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں معاشرے میں مکمل عزت و وقار کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔