اسلام آباد۔8 مارچ (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور ان کی مکمل شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا، خواتین کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی تحفظ کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ …
خواتین کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی تحفظ کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا عالمی یومِ خواتین پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔8 مارچ (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور ان کی مکمل شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا، خواتین کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی تحفظ کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دن خواتین کے کردار، جدوجہد اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اقوامِ متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خواتین ہر معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔صدر مملکت نے محمد علی جناح کے اس مؤقف کو بھی یاد کیا کہ خواتین کی مکمل شرکت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ خواتین کی صلاحیت، حوصلے اور قیادت کی روشن مثالوں سے بھری ہوئی ہے۔انہوں نے سابق وزیرِ اعظم شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عزم اور حوصلے کے ساتھ قوم کی قیادت کی اور یہ ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین اعلیٰ ترین عوامی عہدوں پر بھی کامیابی سے خدمات انجام دے سکتی ہیں۔
انہوں نے فاطمہ جناح اور نصرت بھٹو کی جمہوریت اور آئین کی حکمرانی کے لیے خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی جدوجہد پاکستانی خواتین کے لیے ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں، چاہے وہ ہوابازی، زراعت، طب، تعلیم، کھیل یا پارلیمان کے ایوان ہوں۔ ان کی خدمات قومی ترقی کے لیے ان کے عزم اور صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ خواتین کا موضوع ’’ رائٹس، جسٹس، ایکشن فار آل ویمن اینڈ گرلز‘‘ ہے، جو امتیازی قوانین، کمزور عملدرآمد اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو مساوی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی ضمانت دیتا ہے اور پاکستان خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے سے متعلق کنونشن کا بھی فریق ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، وزیرِ اعظم ویمن امپاورمنٹ پیکج اور اُڑان پاکستان جیسے پروگرام شامل ہیں، جن کا مقصد خواتین کو مالی طور پر مضبوط بنانا اور انہیں معاشی و ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات، جن میں سرکاری ادارے، علما، اساتذہ، میڈیا اور نجی شعبہ کو خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








