ریال میڈرڈ نے الوارو اربیلوا کی رخصتی کے بعد خوزے مورینیو کو دوسری مرتبہ کلب کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
خوزے مورینیو کی 13 سال بعددوبارہ ریال میڈرڈ میں بطور کوچ واپسی

مزید خبریں
میڈرڈ۔12جون (اے پی پی):ریال میڈرڈ نے الوارو اربیلوا کی رخصتی کے بعد خوزے مورینیو کو دوسری مرتبہ کلب کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق ہسپانوی کلب کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 63 سالہ پرتگالی کوچ نے برنابیو کے ساتھ تین سال کا معاہدہ کیا ہے۔خوزے مورینیو نے گزشتہ سیزن بنفیکا کی قیادت کی تھی، اور پرتگالی کلب نے بھی تصدیق کی ہے کہ ریال میڈرڈ ان کے معاہدے کی منسوخی کے لیے 15 ملین یورو کا معاوضہ ادا کرنے پر تیار ہو گیا تھا۔ریال میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پیریز نے گزشتہ ہفتے کلب ممبران کے انتخابات میں کامیابی سے قبل خوزے مورینیو کو واپس لانے کا وعدہ کیا تھا، جو اس سے قبل 2010 سے 2013 کے دوران کلب کے کوچ رہ چکے ہیں۔ پیریز نے ابراہما کوناٹے اور ڈینزل ڈمفریز کی دستخطی اور ایک ‘گلاکٹیکو’ کھلاڑی کے لیے 150 ملین یورو کی بولی لگانے کا بھی عزم ظاہر کیا تھا، جس کے تحت میڈرڈ نے رواں ہفتے اٹلیٹیکو میڈرڈ کے سٹرائیکر جولین الوریز کے لیے 150 ملین یورو کی پیشکش کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔
خوزے مورینیو کو اب ریال میڈرڈ کو دوبارہ کامیابیوں کی راہ پر گامزن کرنے کا ٹاسک ملا ہے کیونکہ کلب کارلو اینسیلوٹی، زابی الونسو اور پھر اربیلوا کی نگرانی میں مسلسل دو سیزنز سے کوئی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہا ہے۔ مورینیو نے اپنے پہلے دور میں ریال میڈرڈ کو ایک لا لیگا ٹائٹل، ایک کوپا ڈیل رے اور ایک سپر کوپا ڈی سپینیا جتوایا تھا جبکہ وہ تین بار چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچے۔ میڈرڈ چھوڑنے کے بعد وہ چیلسی، مانچسٹر یونائیٹڈ، ٹوٹنہم ہاٹ پور، روما، فینرباہچے اور بنفیکا کی کوچنگ کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے آخری ٹرافی چار سال قبل روما کے ساتھ کانفرنس لیگ کی شکل میں جیتی تھی جبکہ آخری لیگ ٹائٹل 2015 میں چیلسی کے ساتھ جیتا تھا۔ گزشتہ سیزن بنفیکا میں ان کی ٹیم پرتگالی لیگ میں ناقابل شکست رہی لیکن اس کے باوجود پورٹو اور سپورٹنگ کے بعد تیسرے نمبر پر آئی، جبکہ چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں انہیں ریال میڈرڈ کے ہاتھوں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔







