پنڈی گھیب،سی پیک پر کھڑپہ انٹرچینج کے قریب کار اور ٹرک میں تصادم، دو افراد جاں بحق اور دو زخمی

سی پیک پر کھڑپہ انٹرچینج کے قریب کار اور ٹرک میں تصادم میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ھو گئے۔

اٹک۔ 12 جون (اے پی پی):سی پیک پر کھڑپہ انٹرچینج کے قریب کار اور ٹرک میں تصادم میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ھو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈی گھیب سی پیک پر کھڑپہ انٹرچینج کے قریب بھکرسے راولپنڈی جانے والی ایک کار سامنے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈی گھیب منتقل کر دیا۔جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایف ڈبلیو او (FWO) کی ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈی گھیب منتقل کر دیا گیا جاں بحق ہونے والوں میں سید صالح شاہ ولد سید سلطان شاہ اور فیاض حسین ولد غلام فرید اور زخمیوں میں 45 سالہ ناظم ولد اسلم اور 48 سالہ جاوید اقبال ولد فضل داد شامل ہیں۔