ریسکیو 1122 پشاور نے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے۔
ریسکیو 1122 پشاور کا محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 پشاور نے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122پشاورکے مطابق اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان کی زیرِ صدارت ریسکیو 1122 پشاور کا اجلاس ڈسٹرکٹ آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایمرجنسی آفیسرز، سٹیشن ہاؤس انچارجز اور کنٹرول روم انچارج نے شرکت کی۔محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و ایمرجنسی انتظامات کے حوالے سے تمام افسران کو ریسکیو 1122 کے خصوصی ایمرجنسی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ پلان کے مطابق ڈسٹرکٹ پشاور کے ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔مجالس، امام بارگاہوں، جلوسوں اور ان کے داخلی و خارجی راستوں پر ریسکیو کیمپ قائم کیے جائیں گے، جہاں ایمبولینسز، میڈیکل ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عزاداروں کو بروقت طبی امداد اور بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور تمام وسائل کو فعال رکھا جائے۔








