خون عطیہ کرنے والے افراد حقیقی ہیرو ہیں ، ڈاکٹر عبد الرحمن طارق چوہدری
خون عطیہ کرنے والے افراد حقیقی ہیرو ہیں ، ڈاکٹر عبد الرحمن طارق چوہدری
سیالکوٹ۔ 14 جون (اے پی پی):ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں، حادثات کے شکار افراد، تھیلیسیمیا کے مریضوں اور دیگر ضرورت مندوں کی زندگیاں بچانے کے لیے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،عطیہ خون کرنے والے افراد حقیقی ہیرو ہیں ، ایک یونٹ خون کئی قیمتی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، صحت مند افراد باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کی عادت اپنائیں۔ ان خیالات کااظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد الرحمن طارق چوہدری نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے بلڈ بینک میں عالمی یومِ عطیہ خون کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات معاشرے کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا بلڈ بینک سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عامر شہزاد کی نگرانی میں محفوظ معیاری خون کی فراہمی کے لیے جدید طبی اصولوں کے مطابق خدمات انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن طارق چوہدری نے اپنے خطاب میں نوجوانوں، تعلیمی اداروں سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ خون عطیہ کرنے کے حوالے سے آگاہی مہمات میں بھرپور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محفوظ خون کی دستیابی ،رضاکارانہ عطیہ خون کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔منعقدہ سیمینار میں ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل عملے، طلبہ ،سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، انچارج بلڈ بینک سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عامر شہزاد نے تمام شرکاء کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔









