خون کا عطیہ قومی اور انسانی ذمہ داری ہے، محفوظ خون کی فراہمی صحت مند معاشرے کے لیے ناگزیر،فیصل کریم کنڈی

"گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ رضاکارانہ خون کا عطیہ صرف ایک فلاحی عمل نہیں بلکہ قومی، انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جو بے شمار قیمتی جانیں بچانے کا ذریعہ بنتی ہے۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ رضاکارانہ خون کا عطیہ صرف ایک فلاحی عمل نہیں بلکہ قومی، انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جو بے شمار قیمتی جانیں بچانے کا ذریعہ بنتی ہے۔

محفوظ خون کی بروقت دستیابی مضبوط صحت کے نظام اور ہمدرد معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بلڈ چین پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ بلڈ کانفرنس 2026 کے دو روزہ ایونٹ کے پہلے روز منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود، بلڈ چین پاکستان کے عہدیداران، ڈاکٹرز، کاروباری،سیاسی و سماجی شخصیات، ملک بھر سے آئے رضاکاروں، تھیلیسیمیا کے شکار بچوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے خون کے عطیات کے فروغ اور انسانیت کی خدمت کے لیے بلڈ چین پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تنظیمیں معاشرے میں ایثار، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔تقریب کے اختتام پر گورنرخیبرپختونخوا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور سماجی خدمات کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد میں میڈلز اور ایوارڈز تقسیم کیے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پورے ملک میں سب سے زیادہ نوجوان خیبرپختونخوا میں ہیں،ہماری خواہش ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے لیےبھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ وزیراعظم سے گزارش کرتا ہوں کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔کشمیر سے متعلق گورنر نے کہا کہ قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں کشمیریوں کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے حقیقی نمائندوں کے آزادانہ انتخاب کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق اور مسائل کے لیے آواز بلند کی ہے اور کشمیری عوام کو چاہیے کہ وہ اس جماعت کو کامیاب بنائیں جو ان کے مسائل کے حل کی حقیقی صلاحیت رکھتی ہو۔