گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ کسی ضرورت مند کے لئے نئی زندگی اور امید کا پیغام بن سکتا ہے۔
خون کا عطیہ کسی ضرورت مند کے لئے نئی زندگی اور امید کا پیغام بن سکتا ہے،گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 15 جون (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ کسی ضرورت مند کے لئے نئی زندگی اور امید کا پیغام بن سکتا ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے عالمی یومِ عطیہ خون کی مناسبت سے فاطمید فائونڈیشن کے زیرِ انتظام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے عظیم خدمت ہے، فاطمید فائونڈیشن اس ضمن میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کےلئے معاشرتی شعور اور رویوں میں مثبت تبدیلی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو معمول بنایا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کی نسلوں کے تحفظ کےلئے مزید جامع، موثر اور دیرپا اقدامات کی ضرورت ہے،جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔گورنر سندھ نے کہا کہ خون عطیہ کرنے اور تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کےلئے اجتماعی کردار اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔








