خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ڈریگن بوٹ فیسٹویل مشترکہ طور پر منعقد کرے گی۔تر جمان

خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ڈریگن بوٹ فیسٹویل مشترکہ طور پر منعقد کرے گی

پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ڈریگن بوٹ فیسٹویل مشترکہ طور پر منعقد کرے گی۔خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی تر جمان کے مطابق اس بات کا فیصلہ یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں ہوا جس کی سربراہی ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم مس حلیمہ اقبال نے کی جبکہ چائنہ ونڈو کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈریگن بوٹ فیسٹویل برادر ہمسایہ ملک چین میں منعقد ہونے والا انتہائی مقبول ایونٹ ہے جو پہلی مرتبہ پشاور کے قریب ضلع چارسدہ میں سردریاب کے مقام پر دریائے کابل میں14جون کو منعقد کیا جائے گا۔ ریس کے شرکاٰٗٗ چپووں کے ذریعہ کشتیوں کی دوڑ میں حصہ لیں گے اور اس ریس کے انعقاد کا بنیادی مقصد اہل خیبر پختونخوا کی جانب سے اپنے چینی بہن بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہونا ہے۔چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک کے مطابق مقابلے کے شرکا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاسوں کا انعقاد کیا جا چکا ہے اور اس سلسلہ میں تمام انتظامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم مس حلیمہ اقبال نےکہا کہ صوبائی محکمہ ثقافت و سیاحت بھی دونوں ممالک کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کا بھرپور عزم رکھتا ہے۔ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت عدیل اقبال، سیکرٹری سعادت حسن اور ڈائریکٹر جنرل سی ٹی اے شاہد خان کی ہدایات پر چائنہ ونڈو کے ساتھ مل کر اس ایونٹ کا کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان میں یہ ایونٹ دونوں ممالک کی 75 سالہ دوستی میں پہلی بار منعقد کیا جا رہا ہے اس لئے اسے کامیاب بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم پشاور اور خیبر پختونخوا سے ایک مثبت پیغام بھیجیں۔