خیبر پختونخوا کے وزیر صحت نے گیس لیکیج دھماکے میں زخمی ہونے والے نیورو سرجن کی عیادت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے منگل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے برن اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر کا دورہ کیا اور گیس لیکج دھماکے میں زخمی ہونے والے ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نیورو سرجن ٹی ایم او ڈاکٹر ماجد کی عیادت کی۔

پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے منگل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے برن اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر کا دورہ کیا اور گیس لیکج دھماکے میں زخمی ہونے والے ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نیورو سرجن ٹی ایم او ڈاکٹر ماجد کی عیادت کی۔ایچ ایم سی پشاور تر جمان کے مطابق انہوں نے ڈاکٹر ماجد کی خیریت دریافت کی، ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور معالجین سے ان کی صحت اور جاری علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے ڈاکٹر ماجد کے علاج معالجے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی جان و صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز انتہائی مشکل اور چیلنجنگ حالات میں عوام کی خدمت انجام دیتے ہیں اور ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔وزیر صحت نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ماجد کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون اور امداد کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر ماجد کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں دستیاب تمام بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر صحت کے ہمراہ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزار احمد خان، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد خان ڈین خیبر میڈیکل گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر اور برن اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تمہید اللہ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران وزیر صحت خلیق الرحمان کو حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جبکہ ڈاکٹر ماجد کی صحت اور جاری علاج کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

انہیں بتایا گیا کہ ڈاکٹر ماجد کا برن سینٹر میں بہترین اور معیاری علاج جاری ہے اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔حکام نے وزیر صحت کو آگاہ کیا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ڈاکٹر ماجد کو مزید خصوصی علاج کے لیےآغا خان ہسپتال یا کسی دوسرے اعلیٰ طبی مرکز منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وزیر صحت نے یقین دلایا کہ حکومت ڈاکٹر ماجد کے علاج اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔