وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں صوبہ بھر میں غیر معیاری، مضر صحت اور ملاوٹی خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
خیبر پختونخو فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، ہزاروں کلو غیر معیاری خوراک ضبط و تلف، کاروباری افراد پر جرمانے

مزید خبریں
پشاور۔ 21 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں صوبہ بھر میں غیر معیاری، مضر صحت اور ملاوٹی خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اسی سلسلے میں فوڈسیفٹی ٹیموں نے پشاور، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ،کوہاٹ اور صوابی میں مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں مضر صحت گوشت، ملاوٹی قیمہ، خراب فروزن چکن، مضر صحت دودھ اور ملاوٹی مصالحہ جات برآمد کرکے تلف و ضبط کیے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے کاروباری افراد پر جرمانے عائد کیے اور متعدد کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم پشاور نے ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان محسود کی نگرانی میں گلبہار کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 1200 کلوگرام غیر معیاری اور خراب کلیجی و دل برآمد کرکے تلف کر دیے ۔
ابتدائی معلومات کے مطابق خراب گوشت لاہور سے سپلائی کیا گیا تھاجبکہ مالکان کے پاس گوشت کی ٹریسی ایبلٹی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ غیر معیاری گوشت کی سپلائی میں ملوث افراد کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق ایبٹ آباد میں کارروائی کے دوران 200 کلوگرام ملاوٹی قیمہ برآمد کرکے تلف کیا گیا۔ اسی دوران موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ بردار ٹینکر سے دودھ کے نمونوں کی بھی موقع پر جانچ کی گئی۔ ٹیسٹ کے دوران دودھ میں سکم ملک، گلوکوز اور ڈٹرجنٹ کی موجودگی پائی گئی، جس پر تقریباً 1200 لیٹرز غیر معیاری و مضرصحت دودھ تلف کرکے ذمہ دار افراد پرجرمانے عائد کیے گئے۔
اسی طرح نوشہرہ میں گوشت کی دکانوں کی چیکنگ کے دوران 500 کلوگرام مضر صحت اور خراب گوشت برآمد کرکے تلف کیا گیا۔ خلاف ورزی پر متعلقہ دکان سیل، جرمانہ عائد اور مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے چارسدہ کے شبقدر بازار میں کارروائی کے دوران 100 کلوگرام غیر معیاری اور خراب فروزن چکن پارٹس اور کلیجی برآمد کرکے تلف کردی جبکہ صوابی کے شیوہ اڈہ میں چکن شاپ سے 50 کلوگرام غیر معیاری فروزن گوشت برآمد کرکے تلف کیا گیا اور جرمانہ عائد کیا گیا۔
معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری، فروخت اور سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر معیاری یا مضر صحت خوراک کی فروخت میں ملوث عناصر کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔







