خیرپور، اکاؤنٹ جنرل سندھ کا انقلابی اقدام، بزرگ شہریوں کے لئے پنشن ادائیگی اب MPG Rasstکے ذریعے ہوگی

اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) سندھ نے ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی فلاح و بہبود کے سفر میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے

خیرپور نمائندہ۔ 08 جون (اے پی پی):اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) سندھ نے ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی فلاح و بہبود کے سفر میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ میانداد راہوجو کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جون 2026 سے سندھ بھر کے تمام پنشنرز اور فیملی پنشنرز کو سرکاری طور پر ایم پی جی (MPG) راست پیمنٹ گیٹ وے سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے جس سے نہ صرف بزرگ شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ سرکاری امور میں مزید شفافیت بھی آئے گی۔

اس جدید اصلاحی اقدام کا بنیادی مقصد بینکوں میں لگنے والی طویل قطاروں، انتظامی مشکلات اور پنشن کی منتقلی میں ہونے والی تاخیر کا مستقل خاتمہ کرنا ہے جو ماضی میں بزرگ شہریوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ہر ماہ پریشانی کا باعث بنتی تھیں۔ نئے نظام کے نفاذ کے بعد اب ایک بینک سے دوسرے بینک میں فنڈز کی منتقلی کے لیے کئی دن انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ سندھ بھر کے پنشنرز کو عام تنخواہ دار ملازمین کی طرح مقررہ تاریخ پر فوری طور پر اپنی پنشن براہِ راست بینک اکاؤنٹس میں موصول ہو جائے گی۔ یہ جدید ڈیجیٹل نظام ان تمام فنی رکاوٹوں اور بینکوں کے غیر ضروری چکروں کا خاتمہ کرے گا جن کی وجہ سے بزرگ ریٹائرڈ ملازمین اکثر مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔ اس اصلاح کے ذریعے حکومتی انسانی وسائل (ایچ آر) کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور سہولیات کو براہِ راست ان معزز شہریوں تک پہنچایا گیا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ اے جی سندھ کا یہ جرات مندانہ اور دور اندیش اقدام عوامی سہولیات کی فراہمی، نظام میں شفافیت اور سماجی بہبود کے فروغ کے لیے ادارے کے غیر متزلزل عزم کا واضح مظہر ہے

مزید خبریں