دبئی میں پاکستانی برادری کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کا انعقاد،انسانی حقوق کی تنظمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں،قونصل جنرل دبئی

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):دبئی میں پاکستانی برادری کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی قونصلیٹ دبئی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں حسن افضل خان قونصل جنرل دبئی اور شمالی امارات نے تقریب کی صدارت کی۔ دبئی سے موصولہ اعلامیہ کے مطابق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایونٹ میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن افضل خان نےکہا کہ جموں و کشمیر تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا پر سب سے قدیم آئٹمز میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی 5 اگست 2019 کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائی کا مقصد جموں و کشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تناسب کی حیثیت کو تبدیل کر نا اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کی ساخت کو تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت کا یہ عمل اقوام متحدہ کے چارٹر، این ایس ایس کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونش کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی متعدد رپورٹس میں کشمیری عوام کے خلاف بھارتی ظلم و جبر کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل اور کشمیر ی بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کے اداروں، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے۔ اس موقع پر ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کا اختتام کشمیری شہدا اور جدوجہد آزادی کیلئے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔