دس مئی کو پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ پر دستخط ہوں گے، 5 سال میں ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنا دیں گے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور۔29 فروری ( اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دس مئی کو پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ پر دستخط ہوں گے، 5 سال میں ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنا دیں گے، امریکہ افغان امن معاہدہ وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیا بی ہے،نواز شریف کے علاج پر پنجاب حکومت سیاست نہیں کر رہی،نواز شریف …

لاہور۔29 فروری ( اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دس مئی کو پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ پر دستخط ہوں گے، 5 سال میں ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنا دیں گے، امریکہ افغان امن معاہدہ وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیا بی ہے،نواز شریف کے علاج پر پنجاب حکومت سیاست نہیں کر رہی،نواز شریف نے وطن واپس آنا نہیں،مریم نے باہر جانا نہیں،شہباز شریف مارچ میں واپس آئے تو انہیں 14دن تک کیمپ میں رہنا پڑے گا ،شریف خاندان کی کمزوری ہے کہ وہ جیل مین نہیں رہ سکتے جبکہ آصف علی زرداری بہادر آدمی ہیں وہ جیل میں رہ سکتے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کی تعریف کی یہ بہت بڑی کامیابی ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ آگ اور خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے،بھارت میں مساجد کو شہید کیا جا رہا ہے، 40شہادتیں ہو چکی ہیں،دنیا اس بات کا نوٹس لے ۔وہ ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈ کواٹررز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے سکھر ڈویژن میں روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس کے ساتھ پیش آنے والا افسوسناک حادثہ واضح طور پر بس ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا جس نے ریلوے ٹریک کو اوور ہیڈبرج کی بجائے ان مینڈ لیول کراسنگ کے ذریعے کراس کرنے کی کوشش کی، شدید دُکھ کے ساتھ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے ، میں وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سے اپیل کروں گا کہ وہ ہمیں فنڈز مہیاکریں تاکہ ہم ان مینڈ لیول کراسنگ پر پھاٹک لگائیں کیونکہ یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ، اس وقت کراچی سے پشاور کے درمیان تین ہزار ان مینڈلیول کراسنگ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مارچ سے 15 رمضان تک یعنی دو ماہ کے لیے اے سی بزنس اور اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 10سے 25فیصد کم کر رہے ہیں، ایک طرف کی ٹکٹ پر 10فیصد اور بیک وقت دونوں اطرف کی ٹکٹ خریدنے پر 25فیصد رعایت ہو گی، پہلے سے خریدے ہوئے ٹکٹ پر اس رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ایم ایل ون کے حوالے سے کہا کہ 10 مئی کواس پر دستخط ہونے جارہے ہیں، قوم کوخوشخبری سنائیں گے، ایم ایل ون سے ریلوے کے سارے مینڈ اور ان مینڈ لیول کراسنگ ختم ہوجائیں گے،تمام ان مینڈ اور مینڈ لیول کراسنگ کو اوور ہیڈ برجز یا انڈر پاسز میں تبدیل کردیاجائے گا اور ٹرین کی رفتار 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کے حوالے سے ہم نے اپنا پی سی ون وزارت پلاننگ میں جمع کروادیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح کول کنٹینر ٹرین کا فیصل آباد سے افتتاح کیاہے اسی طرح ہم چشتیاں ، وزیر آباد، کندیاں اور جیابگا سے بھی کول سپیشل ٹرینیں چلانے جارہے ہیں، 2دن بعد فیصل آباد سے ایک ٹرین چلے گی اور اسی طرح 30 جون سے پہلے پانچ نئی کنٹینر ٹرینیں بھی چل جائیں گی ۔ہماری کوشش ہے کہ اس دفعہ فریٹ سیکٹر کے ذریعے اپنی آمدن بڑھائیں گے کیونکہ اگر یہ پانچ ٹرینیں چل پڑیں تو ہم دو سال میں خسارے کو بہت حد تک ختم کردیں گے، میرا وعدہ ہے کہ پانچ سال میں خسارہ ختم کریں گے، ہوسکتا ہے اس عرصے میں ریلوے منافع میں تبدیل ہوجائے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلو ے نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کراچی میں حیات ریجنسی اور دوسری پراپرٹی کو فروخت کرنے کے حوالے سے بھی کام کررہے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہم ریلوے اراضی کو پانچ سال سے زیادہ وقت کے لیے لیز پر نہیں دے سکتے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق رائل پام کا ٹینڈر ہوجائے گا۔ وزیر اعظم کو بھی ریلوے کے حوالے سے اہم بریفنگ دینے جارہے ہیں۔ ایم ایل ون سے فینسنگ ہوجائے گی ہماری کوشش ہے کہ فینسنگ کے ساتھ ہماری پلانٹیشن بھی ہوجائے بڑی اچھی قسم کے درخت بھی لگ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزوں سے پہلے 75 چائینز کوچز کو رینویٹ کرنے جارہے ہیں یہ 60 دن ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔ کوروناوائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاک ایران بارڈر بند ہے جس کی وجہ سے ایران کوجانے والی ٹرینیں بھی بند ہیں، یہ ٹرینیں پسنجر اور فریٹ دونوںلے جاتی تھیں ،جب بارڈر کھل جائے گا تو یہ ٹرینیں بھی بحال کردی جائیں گی، امریکہ افغان امن معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کی بڑی کامیا بی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران سے 4ٹرینیں چلتی ہیں،کرونا وائرس کی وجہ سے ایران بارڈر بند کیا ہے جب تک ایران بارڈر بند ہے ٹرینیں بھی بند رہیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے علاج پر پنجاب حکومت سیاست نہیں کر رہی،نواز شریف نے وطن واپس آنا نہیں،مریم نے باہر جانا نہیں۔شہباز شریف مارچ میں واپس آئے تو انہیں 14دن تک کیمپ میں رہنا پڑے گا اس لئے وہ مارچ میں واپس نہیں آئیںگے،شریف خاندان کی کمزوری ہے کہ وہ جیل مین نہیں رہ سکتے جبکہ آصف علی زرداری بہادر آدمی ہیں وہ جیل میں رہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کی تعریف کی یہ بہت بڑی کامیابی ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ آگ اور خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے،بھارت میں مساجد کو شہید کیا جا رہا ہے، 40شہادتیں ہو چکی ہےِ،دنیا اس بات کا نوٹس لے ۔

مزید خبریں