دفتر خارجہ کا بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی افواج کی نیزہ پیر سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج

Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کرکے 25 فروری کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے نیزہ پیر سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا ۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں 40 سالہ بےگناہ شہری محمد بشیر ولد نظر دین سکنہ گاوں مندھر شدید زخمی ہو گئے۔ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ 2017ءمیں بھارت نے 1970 مرتبہ جبکہ رواں سال کے دوران 384 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا اور اس وقت سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹرٹیجک غلطی کی صورت میںنکل سکتا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ2003ءکے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی حکومت اپنی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے، ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔ انہوںنے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یواین ایم او جی آئی پی)کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔