دنیا بھر میں مسلمانوں کو اکثر اپنے مذہبی عقائد کی بنیاد پر امتیازی سلوک اور نفرت کا سامنا ہے ، امریکہ

US Secretary of State
US Secretary of State

واشنگٹن ۔16مارچ (اے پی پی):امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہےکہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو اکثر اپنے مذہبی عقائد کی بنیاد پر امتیازی سلوک اور نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق امور خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں ان لوگوں کی طرف توجہ دلاتے ہیں جنہیں اسلام پر عمل کرنےوالوں، اسلام قبول کرنے یا اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے والوں یا صرف مسلمان کی حیثیت سے شناخت کر کے ہراساں کیا جاتا ہے، حراست میں لیا جاتا ہے، قید کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ قتل بھی کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہر شخص کو، ہر جگہ فکر، ضمیر، مذہب اور عقیدے کی آزادی کا حق حاصل ہے، اس میں اپنے عقائد کو تبدیل کرنے یا نہ ماننے کی آزادی بھی شامل ہےہر فرد کو انفرادی طور پر یا اجتماعی طور پر دوسروں کے ساتھ، عوامی یا نجی طور پر، عبادت، عمل اور تعلیمات میں ان عقائد کو ظاہر کرنے کی آزادی بھی ہے۔

گزشتہ سال اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا تھا اس تاریخ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملوں کے 4 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس دن ایک بندوق بردار نے دو مساجد میں 51 مسلمان نمازیوں کو ہلاک اور 40 کو زخمی کر دیا تھا۔