اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اور ایشین امبڈسمین ایسوسی ایشن (اے او اے) کے صدر اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے محتسب ادارے انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور اچھی طرزِ حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق اعجاز احمد قریشی آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ’’آئین اور خودمختاری کے سال‘‘ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ’’عصری …
دنیا بھر کے محتسب ادارے انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور اچھی طرزِ حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اعجاز احمد قریشی

مزید خبریں
اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اور ایشین امبڈسمین ایسوسی ایشن (اے او اے) کے صدر اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے محتسب ادارے انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور اچھی طرزِ حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق اعجاز احمد قریشی آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ’’آئین اور خودمختاری کے سال‘‘ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ’’عصری نظاموں میں آئین اور قانون کی حکمرانی‘‘سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ محتسب اداروں کا بنیادی مقصد ریاستی اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا اور عوام کو ملکی قوانین کے مطابق بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے شفافیت، احتساب، مساوات اور منصفانہ طرزِ عمل کو فروغ دیتے ہیں جبکہ گڈ گورننس کے قیام اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں قانون کی حکمرانی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔وفاقی محتسب نے مزید کہا کہ کسی بھی جمہوری نظام میں عوام حتمی سٹیک ہولڈرز ہوتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود سب سے مقدم ہونی چاہئے۔
اعجاز احمد قریشی نے جمہوریہ آذربائیجان کو آئین کی منظوری کی 30ویں سالگرہ اور خودمختاری کی بحالی کی 5ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں واقعات آذربائیجان کی تاریخ کے اہم سنگِ میل ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے محتسب ادارے باہمی تعاون کے ذریعے گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لئے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔بین الاقوامی کانفرنس میں آذربائیجان کی آئینی عدالت کے چیئرمین کے علاوہ ایشیائی ممالک کے مختلف محتسبین اور عدالتی اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔








