وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کو دوسرے بین الاقوامی مقابلہ قرأت قرآن کریم کا اعزاز حاصل ہوگا
دوسرا بین الاقوامی مقابلہ قرأت 24 سے26 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، وفاقی وزیر مذہبی امور

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کو دوسرے بین الاقوامی مقابلہ قرأت قرآن کریم کا اعزاز حاصل ہوگا جو 24 سے26 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، بین الاقوامی مقابلہ قرأت قرآن کریم مسلم امہ کے اتحاد، باہمی احترام اور قرآن کریم سے وابستگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ منگل کو وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر قرآن کریم کی ترویج و اشاعت کے لئے ایک اہم اور بابرکت تقریب کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا بین الاقوامی مقابلہ برائے قرأت قرآن کریم 24 سے 26 نومبر 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا، یہ مقابلہ محض ایک مسابقتی تقریب نہیں بلکہ قرآن کریم سے وابستگی، محبت اور عقیدت کے اظہار کا ایک عالمی پلیٹ فارم ہے، اس کا بنیادی مقصد قرآن مجید کی عظمت، اس کی آفاقی تعلیمات اور تلاوتِ قرآن کی روحانی و علمی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔اس مقابلے کے ذریعے دنیا بھر کے ممتاز قرا کرام کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
قرأتِ قرآن کریم اسلامی تہذیب و ثقافت کا ایک اہم اور خوبصورت پہلو ہے جو مسلمانوں کو قرآن مجید کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس طرح کی بین الاقوامی تقریبات نوجوان نسل میں قرآن کریم کی تلاوت، حفظ اور درست ادائیگی کے شوق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ اس بین الاقوامی مقابلے میں 69 ممالک سے قرا کرام کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم اب تک 31 ممالک کے قرا کرام کی شرکت متوقع ہے، یہ امر اس مقابلے کی عالمی اہمیت اور مسلم دنیا میں اس کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کا عکاس ہے، مختلف ممالک سے ممتاز قرا کرام کی پاکستان آمد ہمارے لئے باعثِ اعزاز ہے، پاکستان کی نمائندگی کرنے والے قاری کے انتخاب کا عمل بھی جاری ہے، مقابلے کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ شریک قراکرام کے ویزوں کا اجراء ہو چکا ہے اور تمام غیر ملکی قرا کرام 23 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کی رہائش کا انتظام بیسٹ ویسٹرن ہوٹل، اسلام آباد میں کیا گیا ہے جبکہ مقابلہ 24 سے 26 نومبر 2026 کے دوران این ڈی ایم اے آڈیٹوریم، اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسری مرتبہ اس بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ پہلا بین الاقوامی مقابلہ برائے قرأت قرآن کریم 2025 میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس مقابلے کی میزبانی پاکستان کے لئے یہ اعزاز بھی ہے کہ اسے دنیا بھر میں قرآن کریم کی تعلیمات اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ اس تقریب سے پاکستان اور شریک ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ بین الاقوامی سطح کے اس مقابلے میں شفافیت، میرٹ اور پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں مقابلے کے ججز کا انتخاب ایران، مصر سے کیا گیا ہے۔
مختلف ممالک سے آنے والے مہمانوں اور قرا کرام کو پاکستان کی مہمان نوازی، ثقافت اور مثبت تشخص سے روشناس کرانے کا بھی یہ ایک بہترین موقع ہوگا۔اسلام آباد میں مرکزی مقابلے کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اس پروگرام کو ملک کے دیگر بڑے شہروں تک بھی وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے قراء کرام کو پشاور، لاہور اور کراچی لے جایا جائے گا اور ان شہروں میں ایک روزہ محافلِ قرأت کا انعقاد کیا جائے گا جہاں عوام الناس کو بین الاقوامی شہرت یافتہ قرا کرام کی تلاوتِ قرآن کریم سننے کا موقع ملے گا۔ہمیں امید ہے کہ ان محافل کے ذریعے بالخصوص نوجوان نسل میں تلاوتِ قرآن کریم سے دلچسپی اور شوق میں اضافہ ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو عالمی سطح پر قرآن کریم کی تعلیمات، قرأت اور اسلامی اقدار کے فروغ کے حوالے سے ایک مؤثر اور مثبت کردار ادا کرنے والا ملک بنایا جائے۔
میں اس موقع پر قاری سید صداقت علی کی خدمات اور کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہنا چاہوں گا، جو اس بین الاقوامی مقابلے کے کوآرڈینیٹر ہیں۔ ان کا وسیع تجربہ اور قرأتِ قرآن کریم کے فروغ کے لئے خدمات قابلِ قدر ہیں، اس اہم بین الاقوامی پروگرام کی منصوبہ بندی اور انعقاد میں ان کی معاونت اور رہنمائی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ مقابلہ صرف تین روزہ تقریب تک محدود نہ رہے بلکہ اس کے اثرات ملک بھر میں قرآن کریم کی ترویج و اشاعت کی صورت میں سامنے آئیں۔مجھے امید ہے کہ یہ بین الاقوامی مقابلہ مسلم امہ کے اتحاد، باہمی احترام اور قرآن کریم سے وابستگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ہم نے نقد انعامات دیئے تھے ،اس مرتبہ بھی مقابلے میں اول ،دوم، سوم آنے والوں کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار مرزا نے کہا کہ گزشتہ سال مقابلے کے لئے 80 ملین کی رقم مختص کی گئی تھی جس میں سے 60 ملین خرچ ہوئے تھے۔ رقوم سپانسر بھی ہوئی تھیں ، اس مرتبہ بھی 80 ملین روپے رکھے گئے ہیں ،امید ہے کہ تین ملین روپے سپانسر کے ذریعہ بھی مل جائیں گے ۔







