وزیر صحت پنجاب و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی کا 62 واں اجلاس منعقد ہوا
وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا 62 ویں اجلاس ،نئے پولیس سٹیشن ہلوکی کے قیام ، سرگودہا کے 7 تھانوں کی حدود میں تبدیلی کی منظوری

مزید خبریں
لاہور۔17نومبر (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی کا 62 واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبہ بھر کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلال یاسین، صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی اوروزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی رانا بلال احمد نے شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔کابینہ کمیٹی نے گرو نانک دیو جی کی 557ویں سالگرہ کی تقریبات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پولیس سٹیشن کاہنہ کی حدود میں نئے پولیس سٹیشن ہلوکی کے قیام اور سرگودہا کے 7 تھانوں کی حدود میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ سرگودہا میں نئے پولیساسٹیشن مٹھا لک کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 36 جیل ٹرائلز اور 2 جے آئی ٹیز کی تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے 38 اضلاع میں 151 ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو بطور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تعینات کرنے جبکہ 5 اضلاع میں 106 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نوٹیفائی اور 57 کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ سلما ن رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پنجاب کو پرامن بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور قیام امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی رانا بلال احمد نے کہا کہ اٹک سے راجن پور تک صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
پولیس اور پراسیکیوشن مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کی سالگرہ سمیت دیگر تقریبات کے لیے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی جی انفورسمنٹ پرائس اینڈ کنزیومر پروٹیکشن عمران قریشی، متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی جبکہ پنجاب بھر کے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے آن لائن شرکت کی۔







