وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے
پاکستان پانچ سال میں قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا خواہاں ہے، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال کاورکشاپ سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے، ہدف کے حصول کے لیے مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن، عالمی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن، جدید کان کنی اور پاکستانی برانڈ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ مقامی قیمتی پتھروں کی حقیقی قدر سے استفادہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ 17 سے 20 نومبر تک جاری رہے گی جس کا مشترکہ انعقاد ایشیائی پیداواری تنظیم (اے پی او) ، نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنایزیشن اور پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کر رہی ہیں۔معاون خصوصی نے اس موقع پر ایک روزہ قیمتی پتھروں کی نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں پاکستان میں دستیاب قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی مختلف اقسام، معیار اور مقامی سطح پر ان کی تراش خراش، پالش اور جدید طریقوں سے قدر میں اضافے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے جن کے بڑے ذخائر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں موجود ہیں، جبکہ بلوچستان میں بھی اس شعبے میں نمایاں استعداد پائی جاتی ہے۔ ملک میں قیمتی پتھروں کے ذخائر کا تخمینہ تقریبا 450 ارب ڈالر ہے تاہم ان کی سالانہ باقاعدہ برآمدات محض 5.8 ملین ڈالر تک محدود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پانچ ہزار سے زائد کمپنیاں زمرد، پیریڈوٹ، یاقوت، پکھراج اور ایکوا میرین سمیت 30 سے زائد اقسام کے قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ سے وابستہ ہیں تاہم روایتی کان کنی، محدود ویلیو ایڈیشن اور معیاری سرٹیفکیشن کے فقدان کے باعث یہ شعبہ اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی قیمتی پتھروں کی صلاحیت سے استفادہ کرنے کی قومی پالیسی 2026-2030 کے تحت اصلاحات پر عمل پیرا ہے جس کا بنیادی مقصد پانچ سال میں برآمدات ایک ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ اس پالیسی کے تحت بین الاقوامی معیار کا سرٹیفکیشن نظام متعارف کرانے، شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے مخصوص اتھارٹی قائم کرنے، نیشنل وارنٹی آفس کے قیام، ارضیاتی نقشہ سازی، جدید کان کنی کی ٹیکنالوجی کے فروغ، نجی شعبے کی تربیت اور مراکزِ امتیاز قائم کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر قیمتی پتھروں کی تراش خراش، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے کر عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ حکومت اس شعبے کو قومی معیشت میں موثر طور پر ضم کرنے اور پاکستانی برانڈ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایشیائی پروڈکٹویٹی آرگنایزیشن جاپان کے پروگرام آفیسر اور اے پی او کوآرڈینیٹر نوبوتسوگو میاما نے کہا کہ اے پی او پاکستان میں مقامی قیمتی پتھروں کی استعداد سے بھرپور استفادے کے لیے علم کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور علاقائی تعاون کے ذریعے معاونت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی تجربات اور بہترین طریقہ کار سے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی صنعت کو مضبوط بنانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسرنیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن محمد عالمگیر چودھری نے کہا کہ این پی او پاکستان میں پیداواری صلاحیت کے فروغ اور اے پی او کے ساتھ رابطہ کاری کے قومی ادارے کی حیثیت سے پیداواری صلاحیت، معیار، جدت، وسائل کے موثر استعمال اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے معاشی طور پر مضبوط اور عالمی سطح پر مسابقتی پاکستان کے وژن کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید پروسیسنگ، وسائل کے موثر استعمال، معیار کی یقین دہانی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن کے ذریعے قیمتی پتھروں کی صنعت کو زیادہ منافع بخش، ویلیو ایڈڈ اور برآمدات پر مبنی شعبے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
ورکشاپ میں عالمی منڈی کے رجحانات، معیاری طریقہ کار، بین الاقوامی تجارتی تقاضوں، جدید کٹنگ اور پروسیسنگ تکنیک، ویلیو ایڈیشن، سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک، کاروباری ترقی اور اے پی او کے رکن ممالک کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے۔افتتاحی تقریب میں پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر رونگ ودھی ویرا بتر، اے پی او جاپان کے نمائندے نوبوتسوگو میاما، تھائی لینڈ کے جیم اینڈ جیولری انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل سومید پراسونگ پونگ چائی، بھوواڈول وان تھاناچائی سینگ، ڈاکٹر سورین انتایوت، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی جی جے ڈی سی توفیق احمد آرائیں سمیت ملکی و غیر ملکی مندوبین اور متعلقہ شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔مقررین نے اے پی او کے مسلسل تکنیکی تعاون اور ورکشاپ کے مشترکہ انعقاد میں پی جی جے ڈی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ اس تربیتی سرگرمی کے نتائج کو عملی اقدامات، مضبوط کاروباری روابط اور علاقائی تعاون میں تبدیل کیا جائے۔








