پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے
پی سی بی نے شین ڈائٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف آئندہ دوطرفہ سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور کیریبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔51 سالہ شین ڈائٹز کو بین الاقوامی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے، ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 2024 اور 2026 کے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔شین ڈائٹز اس سے قبل بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2008 سے 2013 تک نیوزی لینڈ میں کرکٹ ویلنگٹن کے ہائی پرفارمنس کوچ بھی رہے۔اپنی تقرری پر شین ڈائٹز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ بننا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
پاکستان کرکٹ کی شاندار تاریخ ہے اور انہیں 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کیخلاف پاکستان کی کامیابی آج بھی یاد ہے، جس پر وہ آسٹریلیا میں رہتے ہوئے بھی خوشی مناتے تھے۔انہوں نے کہا کہ 2028 میں پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور ان کا مقصد ہوم گراونڈ پر شائقین کو خوشی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو سخت محنت کرنا ہوگی اور اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانا ہوگی تاکہ عالمی معیار کی پرفارمنس پیش کی جا سکے۔شین ڈائٹز کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور یہاں کرکٹ سے محبت اور جذبہ دیکھ کر ہمیشہ متاثر ہوئے ہیں۔ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے اور سبز لباس میں قومی ٹیم کا حصہ بننے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔







