چین نے جاپان میں مقیم اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آف سیزن کے دوران مائونٹ فیوجی سمیت دیگر پہاڑوں پر چڑھنے
چین کی جاپان میں اپنے شہریوں کو آف سیزن کے دوران پہاڑوں پر چڑھنے سے گریز کی ہدایت

مزید خبریں
ٹوکیو۔17نومبر (اے پی پی):چین نے جاپان میں مقیم اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آف سیزن کے دوران مائونٹ فیوجی سمیت دیگر پہاڑوں پر چڑھنے سے گریز کریں کیونکہ اس دوران تیز ہوائوں اور برفانی طوفانوں کے باعث سنگین حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ ہدایت جاپان میں چین کے سفارت خانے نے منگل کو جاری ایک نوٹس میں کی۔ چینی سفارت خانے نے بتایا کہ مائونٹ فیوجی میں حال ہی میں مکمل طور پر سیزن ختم ہو چکا ہے۔ اس دوران ایک چینی سیاح غیر قانونی طور پر پہاڑ پر چڑھنے کی کوشش کرتے ہوئے لاپتا ہوگیا۔
سفارت خانے کے مطابق سیاح کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جاپانی پولیس سے رابطہ کیا گیا اور اس کی تلاش کے لئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جلد شروع کرنے پر بارہا زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ لاپتا سیاح کے اہل خانہ کو ضروری مدد بھی فراہم کی گئی۔ سفارت خانے نے خبردار کیا کہ آف سیزن کے دوران مائونٹ فیوجی اور دیگر پہاڑوں پر واقع قیام گاہیں اور ہنگامی طبی مراکز بند ہوتے ہیں، جس کے باعث کوہ پیمائوں کو ضروری سہولیات اور امداد دستیاب نہیں ہوتی۔
چینی سفارتخانے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس عرصے میں بغیر اجازت پہاڑوں پر چڑھنے کی کوشش نہ کریں تاکہ ممکنہ حادثات سے محفوظ رہ سکیں۔ جاپان کے ٹی وی آساہی کے مطابق 20 سال سے زائد عمر کا چینی نوجوان 8 نومبر کی صبح اکیلے مائونٹ فیوجی سر کرنے کے لیے روانہ ہوا تھا، جس کے بعد وہ لاپتا ہوگیا۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اسے دورانِ سفر کوئی حادثہ پیش آیا ہو۔ جاپانی پولیس، فائر فائٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں نے 10 نومبر کی صبح اس کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا، تاہم تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔








