سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیشی وفد کا پارلیمنٹ ہائوس آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرنہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، اخوت اور قربت کے گہرے جذبات پائے جاتے ہیں اور عوامی سطح پر یہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین باہمی احترام اور خیر سگالی کے جذبات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیشی وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام، قومی اسمبلی کی تشکیل، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی امور کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں، ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اور مختلف پارلیمانی کاکسز کی کارکردگی اور کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان جمہوری نظام کا بنیادی ستون ہے اور قانون سازی، عوامی نمائندگی اور حکومتی کارکردگی کی نگرانی کے ذریعے قومی ترقی اور جمہوری استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیش کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش گئے تھے۔ اس دورے کے دوران انہیں بنگلہ دیشی عوام کی جانب سے جو محبت، خلوص اور پذیرائی ملی، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام کے جذبات اور پاکستان کے لیے ان کی محبت دونوں ممالک کے درمیان موجود گہرے عوامی روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پہلگام کے فالس فلیگ واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو چیلنج کیا تاہم پاکستان نے مئی 2025ء میں بھارت کی بلاجواز جارحیت کا موثر اور بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ایسے اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں اور بین الاقوامی معاہدوں کے احترام اور ان پر عمل درآمد کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔سول سروس کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سول سرونٹس کسی بھی ملک کے انتظامی ڈھانچے، گورننس اور ترقیاتی عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ موثر انتظامی نظام، شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے سول سروس افسران کے وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے انتظامی تجربات اور ادارہ جاتی طریقہ کار سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس ضرورت پر زور دیا کہ پارلیمانی اور انتظامی سطح پر روابط کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجربات اور معلومات کا باہمی تبادلہ نہ صرف سول سروس افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ادارہ جاتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے دورے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم، اعتماد اور دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی اور سرکاری سطح پر تبادلوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل اور قومی اسمبلی کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے اراکین نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بنگلہ دیشی عوام کے لیے خیرسگالی اور برادرانہ جذبات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجود برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔







