سارک چیمبر کا نئی طویل المیعاد تعلیمی پالیسی ایجوکیشن 2.0 کا خیرمقدم

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے نئی طویل المیعاد تعلیمی پالیسی ایجوکیشن 2.0 کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے نئی طویل المیعاد تعلیمی پالیسی ایجوکیشن 2.0 کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پالیسی نوآبادیاتی دور کے فرسودہ تعلیمی نظام کی جگہ جدید، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور پاکستان کی مستقبل کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق تعلیمی نظام متعارف کرانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کے نام اپنے تہنیتی خط میں افتخار علی ملک نے متوازن، قابل عمل اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی پالیسی کی تیاری پر ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے ملک میں تعلیمی معیار کو ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ بنانے اور ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کو اساتذہ کا متبادل بنانے کے بجائے ان کی معاونت کے لیے استعمال کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے اپنے مقامی ڈیجیٹل اور تعلیمی وسائل کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ایجوکیشن 2.0 کا ایک اہم مقصد تعلیمی نظام میں انتظامی اور ساختی تفریق ختم کرتے ہوئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، دینی مدارس اور بین الاقوامی تعلیمی نظاموں سمیت تمام تعلیمی دھاروں کے لیے مشترکہ تعلیمی معیارات متعارف کرانا ہے۔ اس پالیسی کے تحت ایسے باصلاحیت، پرعزم اور اعلی اخلاقی اقدار کے حامل پاکستانی نوجوان تیار کرنے پر توجہ دی گئی ہے جو آزادانہ سوچنے، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے اور قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کا انحصار اس بات پر ہے کہ آج کے بچوں کو کس معیار کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ مجوزہ پالیسی کا مقصد لارڈ میکالے کے 1835 کے نوآبادیاتی تعلیمی ماڈل کی باقیات ختم کرکے ایک آزاد، جدید اور اخلاقی اقدار پر مبنی معاشرے کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی نظام قائم کرنا ہے۔ ان کے مطابق روایتی تعلیمی نظام میں خودمختار تحقیق اور تنقیدی سوچ کے بجائے رٹنے، امتحانات میں بہتر کارکردگی دکھانے اور معلومات دہرانے پر زیادہ زور دیا جاتا رہا ہے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، آٹومیشن اور چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ مشینیں اب معلومات کو تیزی سے تخلیق اور دہرا سکتی ہیں، اس لیے طلبہ میں معلومات یاد کرنے کے بجائے مسائل کو سمجھنے، بامعنی سوالات اٹھانے، شواہد کا تجزیہ کرنے، آزادانہ سوچنے اور اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے کی صلاحیتیں پیدا کرنا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی میں ٹیکنالوجی کے اخلاقی اور سماجی اثرات سے نمٹنے پر بھی توجہ دی گئی ہے جبکہ اس کا مقصد نوجوان نسل کو پانچویں صنعتی انقلاب کے تقاضوں کے لیے تیار کرنا ہے۔