اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):موٹروے اور ٹریفک پولیس نے مسافروں کو پہاڑی مقامات پر خطرناک سڑکوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند اور برف باری سے حالات خطرناک ہو جاتے ہیں اور اگر سفر ضروری ہو تو انتہائی احتیاط بر تی جائے۔ پنجاب موٹروے پولیس کے ترجمان نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں میڈیا کو بتایا کہ شدید دھند نے پنجاب کے متعدد شہروں میں حد نگاہ میں …
دھند میں محتاط ڈرائیونگ، حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، موٹروے پولیس

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):موٹروے اور ٹریفک پولیس نے مسافروں کو پہاڑی مقامات پر خطرناک سڑکوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند اور برف باری سے حالات خطرناک ہو جاتے ہیں اور اگر سفر ضروری ہو تو انتہائی احتیاط بر تی جائے۔ پنجاب موٹروے پولیس کے ترجمان نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں میڈیا کو بتایا کہ شدید دھند نے پنجاب کے متعدد شہروں میں حد نگاہ میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ حد نگاہ میں کمی موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈال رہی ہے۔ انہوں نے ڈرائیورز کو احتیاط برتنے اور سفر کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔ دھند کے باعث خطے میں فضائی سفر بھی متاثر ہوا ہے۔
حکام نے تصدیق کی کہ 7 ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے نظام الاوقات، آمد اور روانگی حد نگاہ کی کمی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ شمالی علاقوں کی طرف جانے والے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے سفر پر جانے سے پہلے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شمالی علاقہ جات کی ٹریفک پولیس نے بھی اس حوالہ سے مسافروں پر زور دیا کہ سڑک اور موسم کی صورتحال کو چیک کریں ، دھند اور برف باری میں سفر کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے جب تک حد نگاہ میں بہتری نہ ہو اور سڑکوں کے حالات محفوظ نہ ہوں۔
انہوں نے خراب موسم کے دوران حادثات کو روکنے کے لیے چوکس رہنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ برف یا دھند میں گاڑی چلاتے وقت رفتار کم ، دوسری گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور اچھی ہیڈلائٹس یا فوگ لائٹس استعمال کریں، اچانک بریک لگانے یا تیز رفتاری سے موڑ کاٹنے سے پرہیز کریں، پھسلن کے نشانات سے چوکنا رہیں اور اگر انتہائی ضروری ہو تو سفر کریں۔ ہنگامی سامان بشمول کمبل، پانی اور مکمل چارج شدہ فون سفر میں تاخیر یا حادثات کی صورت میں حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔








