دہشت گردی کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی ،وزیراعظم شہباز شریف کی شمالی وزیرستان میں فوجی کانوائے پر خودکش حملے کی مذمت

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی جوانوں کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کریں