دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس فورس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شفیع جان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے پولیس لائنز پشاور میں متھرا پشاور میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد آفاق کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پشاور۔ 24 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے پولیس لائنز پشاور میں متھرا پشاور میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد آفاق کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر اطلاعات نے شہید پولیس اہلکار کے جسد خاکی پر پھول رکھے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انھوں نے شہید اہلکار کے بھائی اور دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس فورس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پولیس اہلکاروں نے امن و امان کو برقرار رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے اقدامات جاری رہینگے۔ شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہید اہلکار کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شہید پولیس اہلکار محمد آفاق کی نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ طارق سعید مروت، رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب، آئی جی پولیس اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔