رانا ارادت شریف خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں رانا ارادت شریف خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن( ای او بی آئی)نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ ای او بی آئی میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعہ شکایات کے ازالہ کا ایک موثر نظام ہے ۔ جولائی 2024 سے جون 2025 …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں رانا ارادت شریف خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن( ای او بی آئی)نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ ای او بی آئی میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعہ شکایات کے ازالہ کا ایک موثر نظام ہے ۔ جولائی 2024 سے جون 2025 تک ملازمین کے اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعہ شکایات سے نمٹنے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس عرصہ کے دوران مختلف دفاتر میں کل 511 شکایات موصول ہوئیں جن کا ازالہ کیا گیا ۔ اب کوئی کیس زیر التوا نہیں رہا۔ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 کے عرصہ کے دوران ملازمین کے اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن نے اپنے تین علاقائی ڈویژنوں میں پنشن کلیم کیسز کا موثر طریقے سے انتظام کیا۔

ای او بی آئی کو 37,012 پنشن کے کیس موصول ہوئے جن میں سے 36,612 کیسز کا تصفیہ کیا گیا۔ کلیم سیٹلمنٹ کی شرح 99 فیصد رہی جو کہ بروقت سروس کی فراہمی اور آپریشنل کارکردگی کے لئے ادارے کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے۔اجلاس میں اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کے نمائندے نے پیشگی پنشن پروگرام پر روشنی ڈالی جس کا مقصد پنشنرز کے لئے کارکردگی کو بہتر کرنا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین نے وزیر اعظم کے پبلک افیئرز اینڈ شکایات ونگ کی ترجیحات کے مطابق حکومت اور قائمہ کمیٹی کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ہموار اور موثر نظام کے ذریعہ پنشنرز کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پنشنرز کو معیاری خدمات کی فراہمی میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن کی کوششوں کو سراہا اور سفارش کی کہ ادارہ اپنے آپریشنل عمل کو مزید بہتر سےبہتر بنائے تاکہ مستحقین کے لیے نظام کو مزید ہموار اور غلطیوں سے پاک بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی راجہ قمر الاسلام، چوہدری محمد علی ،محمود بشیر ورک، گلناز شہزادی، نوید عامر، ڈاکٹر نکہت شکیل خان، حمید حسین، نعیمہ کشور خان سمیت سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور ای او بی آئی اور اے جی پی آر کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔