راولپنڈی،نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، طغیانی کا خدشہ ،کٹاریاں اور گوالمنڈی پر الرٹ، بارش کا سلسلہ جاری

راولپنڈی اور گردونواح میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش کے باعث نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ، متعلقہ اداروں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے

راولپنڈی۔19اگست (اے پی پی):راولپنڈی اور گردونواح میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش کے باعث نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ، متعلقہ اداروں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ کے اعداد و شمار کے مطابق 18 اگست کی رات سے 19 اگست کی صبح تک مختلف بارش ناپنے والے مراکز پر نمایاں بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد کے مقام پر سب سے زیادہ 122 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ پیرودھائی میں 118 ملی میٹر اور نیو کٹاریاں میں 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی دوران پی ایم ڈی ایچ-8/2 اور کچہری کے مقام پر 99، بوکرا (سی ٹی ٹی آئی آئی-12) میں 97، سیدپور ولیج میں 95 جبکہ گولڑہ، ای-11 کے قریب، 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی کے بیسن میں اوسط بارش 97.27 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔اعداد و شمار کے مطابق کٹاریاں میں نالہ لئی کی سطح 17 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 15.5 فٹ ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث دونوں مقامات پر الرٹ برقرار ہے۔ پانی کی سطح میں مزید اضافے کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ سسٹم کے مطابق کٹاریاں اور گوالمنڈی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچنے کی صورت میں انخلا کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں دونوں مقامات پر پانی کی سطح انخلا کی حد سے کم ہے تاہم مزید بارش کی صورت میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو نالہ لئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل نگرانی برقرار رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو بھی نالہ لئی کے کناروں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ سسٹم کی جانب سے بارش اور نالہ لئی میں پانی کی سطح سے متعلق صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، جبکہ پانی کی سطح میں کسی بھی غیر معمولی اضافے کی صورت میں متعلقہ اداروں کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں