راولپنڈی سے ملتان کے لیے ”تھل ایکسپریس “ کی روانگی سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی حالت بہتر کرنے کے لیے رواں برس 20 مال بردار ٹرینیں چلانے کا ہدف ہے ،قوم سے کیے گئے وعدے کے مطابق ٹرین کا جال بچھا دیں گے،چالیس بندوں کی لائن لگی ہے وہ سب جیل جائیں گے ، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں ،ریلوے کو بھی …

راولپنڈی ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی حالت بہتر کرنے کے لیے رواں برس 20 مال بردار ٹرینیں چلانے کا ہدف ہے ،قوم سے کیے گئے وعدے کے مطابق ٹرین کا جال بچھا دیں گے،چالیس بندوں کی لائن لگی ہے وہ سب جیل جائیں گے ، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں ،ریلوے کو بھی بے دردی سے لوٹا گیا ،آئی ایم ایف مجبوری ہے، میں بھی وزیراعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا ،سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بدھ کی صبح راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے ملتان کے لیے ”تھل ایکسپریس “ کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ تھل ایکسپریس ملتان سے کراچی تک بھی جائے گی ، یہ ٹرین مزدوروں نے بنائی ہے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا ،مزدوروں کو ایک سکیل دینا ہے،کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک کا فیصلہ ہو جائے گا اور لئی ایکسپریس وے بھی بنائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرین آپ کی اور میں آپ کا ہوں ،عمران خان کو معلوم نہیں تھا کہ کس بے دردی سے ملک کو لوٹا گیا ،ملک کی خاطر عمران خان نے سعودی ولی عہد اور یو اے ای کے سربراہ سے ذاتی تعلق بنائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تھل ایکسپریس کے اجراءپر ریلوے کے مزدوروں اور افسران کو سلام پیش کرتا ہوں، وزیرا عظم سے بات کی ہے کہ مزدوروں کو ایک سکیل دینا ہے اور ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابرکرنی ہیں ،ریلوے میں بھرتیوں کا عمل 8سے 10دن میں مکمل کیا جائے گا ،پاکستان ریلوے کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں ،جہاں جہاں بھی پٹڑی موجود ہے وہاں تک ٹرین لے کر جائیں گے ،رواں برس میں ملک کے کونے کونے میں جائیں گے ،میری خواہش ہے ایم ایل ون بن جائے ، اسی ماہ کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک کا فیصلہ ہو جائے اور لئی ایکسپریس وے بن جائے ،14سال سے تعطل کا شکار طالبات کے کالج کا کام بھی رواں ماہ سے شروع کر دیں گے ،غریب آباد میں بھی کالج شروع کریں گے ،”آرام ہم پر حرام ہے“ کا نعرہ لگایا ہے ،وزیر اعظم نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بہترین تعلقات استوار کیے ہیں ، اس سے تاریخی سرمایہ کاری آئے گی،ڈاکو اور لٹیرے ملک کو لوٹ کر لے گئے ہیں، اس کو ٹھیک کریں گے ۔ 3 ٹرینیں 1350روپے میں پشاور سے کراچی لے کر جا رہی ہیں ،جن کی نشستوں کی تعداد 160اور 140ہے ،ان ٹرینز میں جناح ایکسپریس امراءکے لیے اور سرسید ایکسپریس صاحب ثروت لوگوں کے لیے آئندہ ماہ شروع کر رہے ہیں ،عوام کو ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 40 بندوں کی لائن لگی ہے یہ سب چور لٹیرے اندر ہوں گے ۔اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ راولپنڈی ریلوے منور شاہ، ڈویژنل کمرشل آفیسر حامد فاروق قریشی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد تھل ایکسپریس میں سوار ہو کے عازم منزل ہوئے ۔اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی ریلوے اسٹیشن پر موجود تھی ۔ ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ راولپنڈی ریلوے منور شاہ نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ تھل ایکسپریس راولپنڈی سے ملتان براستہ کندیاں روانہ ہوئی ۔تھل ایکسپریس راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے روزانہ صبح 7بجے روانہ ہوگی اور11گھنٹے میں ملتان پہنچے گی ۔تھل ایکسپریس 9 اسٹیشنز بشمول راولپنڈی ، ترنول ، جنڈ ، میانوالی ،کندیاں ،بھکر ،لیہ ،کوٹ ادو ، مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی ملتان پہنچے گی ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق ”تھل ایکسپریس “ کا راولپنڈی سے ملتان تک کا اے سی کا کرایہ 1280روپے جبکہ اکانومی کلاس کا کرایہ 670 روپے رکھا گیا ہے ۔تھل ایکسپریس میں مجموعی نشستوں کی تعداد 712ہے جبکہ اس میں 7 اکانومی کوچز ، ایک ایئرکنڈیشنڈ ،ایک کارگو اور ایک پاور پلانٹ کوچ سمیت10 کوچز شامل ہیں۔مسافروں نے پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام راولپنڈی سے ملتان ”تھل ایکسپریس “ کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہاہے کہ اس سے ملتان و گردو نواح کے سمیت دیگر شہروں کے مسافروں کو سہولیات دستیاب ہوں گی ۔مسافروں نے راولپنڈی سے ملتان کے لیے ٹرین کے اجراءپر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے بھی اظہار تشکر کیا ہے ۔

مزید خبریں