راولپنڈی میں جدید سوئمنگ پول اورپلیئرز ہاسٹل کا افتتاح

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے راولپنڈی کے لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس میں تعمیر ہونے والے نئے عالمی معیار کے سوئمنگ پول اور پلیئرز ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی اور توسیع کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ راولپنڈی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ …

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے راولپنڈی کے لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس میں تعمیر ہونے والے نئے عالمی معیار کے سوئمنگ پول اور پلیئرز ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی اور توسیع کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ راولپنڈی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی معیار کا سوئمنگ پول تعمیر کیا گیا ہے جو جدید واٹر فلٹریشن، ہیٹنگ اور ٹائمنگ سسٹم سے آراستہ ہے، سوئمنگ پول کی تعمیر پر 21 کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے قیام کے لیے تعمیر کئے گئے پلیئرز ہاسٹل پر 18 کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جہاں 80 بستروں کے ساتھ کھلاڑیوں کو جدید رہائشی، تربیتی اور آرام دہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ جدید منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت مکمل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد صوبے میں جدید اسپورٹس سہولیات فراہم کر کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق نکھارنا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس کی بحالی پنجاب حکومت کے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے، منصوبے محض تعمیراتی کام نہیں بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تربیت، مقابلوں اور ترقی کے نئے دروازے کھولنے کا عملی قدم ہیں۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اعلان کیا کہ راولپنڈی کے بعد ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل نے اسلام آباد میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو عبرتناک شکست دی جائے گی اور حکومت ہر سطح پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔تقریب میں ممبر قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان، اراکین صوبائی اسمبلی، سیکرٹری اسپورٹس مظفر خان سیال، ڈویژنل سپورٹس آفیسر محمد وحید ،ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر راولپنڈی شمش توحید عباسی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں