راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 54 ہو گئی، اکتوبرمیں 21 کیسز رپورٹ

راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 54 ہو گئی ہے جبکہ اکتوبر کے دوران اب تک 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈینگی کے شبہ میں 5,492 افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں سے 54 میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 382 افراد میں ڈینگی کی بجائے دیگر امراض کی تشخیص ہوئی۔ اس وقت 6 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 5 …

راولپنڈی۔12اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 54 ہو گئی ہے جبکہ اکتوبر کے دوران اب تک 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈینگی کے شبہ میں 5,492 افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں سے 54 میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 382 افراد میں ڈینگی کی بجائے دیگر امراض کی تشخیص ہوئی۔ اس وقت 6 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 5 میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے 415 آئوٹ ڈور اور 985 ان ڈور ٹیمیں سرگرم ہیں جبکہ پچھلے ہفتے کے دوران مقررہ اہداف کے مطابق 100 فیصد کوریج حاصل کی گئی۔ضلع بھر میں 54 لاکھ 53 ہزار 817 گھروں کی جانچ کے دوران ایک لاکھ 94 ہزار 624 گھروں میں لاروا پایا گیا جبکہ 18 لاکھ 85 ہزار 160 مقامات کی جانچ کے دوران 26 ہزار 191 مقامات سے لاروا برآمد ہوا۔ مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار 815 لاروا تلف کیے گئے۔ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں اور لاروا کی موجودگی پر کارروائی کرتے ہوئے اب تک 2,798 مقدمات درج، 686 عمارتیں سیل اور 2,331 چالان کیے گئے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

کُلیال پوٹھوہار ٹائون کے پیری اربن علاقے میں بریٹو انڈیکس 321.75 کے ساتھ سب سے زیادہ لاروا کی نشاندہی ہوئی جبکہ چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقے سی ٹی سی 8 میں بریٹو انڈیکس 22.81 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پوٹھوہار ٹائون، راولپنڈی کنٹونمنٹ اور میونسپل کارپوریشن کے مختلف علاقوں میں بھی لاروا کی نمایاں موجودگی سامنے آئی ہے۔ محکمہ صحت نے ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کے لیے نگرانی اور انسدادی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔