دورہ ویسٹ انڈیز کی تیاریوں کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، راولپنڈی میں سناریو بیسڈ میچ کے ذریعے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جا رہا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہا

مزید خبریں
راولپنڈی۔10جولائی (اے پی پی):دورہ ویسٹ انڈیز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے روز بھی جاری رہا جہاں قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے دو روزہ سناریو بیسڈ میچ میں حصہ لیا۔
پی سی بی کے مطابق کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں، فٹنس اور میچ حالات سے ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑی مختلف میچ صورتحال کے مطابق طویل بیٹنگ اور مسلسل باؤلنگ کی مشق کر رہے ہیں تاکہ ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کے لیے خود کو تیار کیا جا سکے۔ سناریو بیسڈ میچ کے دوران قومی ٹیم کے کوچز سرفراز احمد، اسد شفیق اور عمر گل کھلاڑیوں کی فارم، فٹنس، تکنیکی مہارت اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ میچ کے آغاز سے قبل قومی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ فیلڈنگ کے علاوہ سلیپ کیچنگ اور ہائی کیچز کی خصوصی مشق بھی کی جبکہ کوچنگ اسٹاف نے مختلف شعبوں میں کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے پر خصوصی توجہ دی۔ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ 13 جولائی بروز پیر اسلام آباد سے ویسٹ انڈیز روانہ ہو گا جہاں ٹیم 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ میچز 25 جولائی سے 10 اگست تک برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول پورٹ آف سپین میں شیڈول ہیں۔








